روسی صدر نے شام سے فوجی انخلاء کا حکم دیدیا

داعش سمیت کسی دہشت گرد تنظیم نے دوبارہ شام میں سر اٹھانے کی کوشش کی تو روسی فضائیہ نشانہ بنانے کیلئے تیار رہے گی، ولادیمیر پیوٹن

پیر 11 دسمبر 2017 18:48

روسی صدر نے شام سے فوجی انخلاء کا حکم دیدیا
دمشق (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 دسمبر2017ء) روسی صدر ولادیمیر پوٹن نے شام سے فوجی انخلاء کا حکم دے دیا ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق روسی صدر ولادیمیر پوٹن غیر اعلانیہ دورے پر شام کے صوبہ لتاکیا کے خمیم ایئر بیس پہنچے جہاں شامی صدر بشار الاسد نے ان کا استقبال کیا۔

(جاری ہے)

ایئر بیس پر روسی کمانڈر اور فوجیوں سے ملاقات کے دوران ولادیمیر پیوٹن نے کہا کہ دو برسوں میں روس اور شامی افواج نے مشترکہ کارروائیاں کرتے ہوئے سینکڑوں مسلح گروپوں کو شکست دی ہے جس کے بعد اب ہم شام کے بڑے حصے سے اپنی فوجیں نکال کر واپس اپنے ملک بھیج رہے ہیں، انہوں نے وزیر دفاع اور چیف آف دی جنرل سٹاف کو حکم دیا کہ وہ شامی تنصیبات پر مستقل تعینات اہلکاروں کو واپس بلالیں۔

روسی صدر نے کہا کہ اگر داعش سمیت کسی دہشت گرد تنظیم نے دوبارہ شام میں سراٹھانے کی کوشش کی تو انہیں روسی فضائیہ نشانہ بنانے کیلئے تیار رہے گی اس کے علاوہ شام کیلئے روسی اصلاحاتی سینٹر بدستور کام کرتا رہے گا اور روسی افواج خمیم ایئربیس اور ٹارٹس بندر گاہ مستقل استعمال کرتی رہیں گی۔