پاکستان ایک پر امن ملک ہے جس نے نہ صرف خطے بلکہ دنیا کے امن کیلئے لاتعدادقربانیاں دی ہیں،گورنر پنجاب

اب وقت آگیا ہے کہ اقوام عالم تنگ نظری سے نہیں بلکہ وسیع القلبی سے ان قربانیوں کو تسلیم کرے،پاکستان کا بچہ بچہ دہشت گردی کیخلاف جنگ میں نبرد آزما ہے،گورنر پنجاب رفیق رجوانہ

پیر 11 دسمبر 2017 18:31

پاکستان ایک پر امن ملک ہے جس نے نہ صرف خطے بلکہ دنیا کے امن کیلئے لاتعدادقربانیاں ..
لاہور۔11 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 دسمبر2017ء) گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے کہا ہے کہ پاکستان ایک پر امن ملک ہے جس نے نہ صرف خطے بلکہ دنیا کے امن کے لئے لاتعدادقربانیاں دی ہیں اور اب وقت آگیا ہے کہ اقوام عالم تنگ نظری سے نہیں بلکہ وسیع القلبی سے ان قربانیوں کو تسلیم کرے،پاکستان کیخلاف غلط پراپیگنڈہ کرنے والے یہاں آکر خود دیکھیں کہ کس طرح پاکستان کا بچہ بچہ دہشت گردی کیخلاف جنگ میں نبرد آزما ہے،ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان نیوی وار کالج میں شرکت کرنے والی94 رکنی وفد سے گفتگو کے دوران کیا جنہوں نے گورنر ہاؤس لاہور میں ان سے ملاقات کی،گورنرپنجاب نے کہا کہ ملک کی موجودہ قیادت کی موثر حکمت عملی سے امن و امان کی صورت حال بہتر ہوئی ہے اور صرف شمالی علاقہ جات کا دورہ کرنے والوں کی تعداد میں گذشتہ دو برس کے دوران کئی گنا اضافہ ہوا ہے ،انہو ںنے کہا کہ ملک میں انفراسٹرکچر کے شعبے کی ترقی کیلئے جتنے منصوبے موجودہ دور میں شروع کئے گئے ان کی مثال ماضی میں نہیں ملتی اور میٹرو بس سروس اورنج لائن سمیت دیگر عوامی منصوبوں سے لوگو ں کی زندگی میں بہتری آئی ہے،انہوں نے کہا کہ پاکستان کی بقاء جمہوریت کے تسلسل اور شفاف احتساب سے وابستہ ہے اوردہشت گردی ،انتہا پسندی اور کرپشن پر پوری قوم پرعزم اور تمام سیاسی جماعتیںیکجا ہیں،گورنر پنجاب نے کہاکہ پاکستان پرامن ایٹمی طاقت ہے اوراپنے تمام ہمسایوں سے برابری کی سطح پر تعلقات کا خواہاں ہے اور خطے کے امن کو اولین ترجیح دیتا ہے،انہوں نے کہا کہ ماحولیاتی آلودگی ایک عالمی مسئلہ ہے اور پاکستان نے اس پر قابو پانے کیلئے نہ صرف بین الاقوامی کنونشن کو یقینی بنایا ہے بلکہ موثر قانون سازی بھی کی ہے،انہو ںنے کہا کہ زراعت کے شعبے کی ترقی کے لئے کئے جانے والے اقدامات کے نیتجے میں کسان خوشحال ہوا ہے اور آج انہیں اپنی اجناس کی بہتر قیمت مل رہی ہے،اس موقع پر گورنر پنجاب نے کورس میں شرکت کرنے والے ملکی و غیر ملکی افسران کے سوالات کے جوابات بھی دیئے ،تعلیم کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں گورنرپنجا ب نے کہا کہ پاکستان میں اعلی تعلیم کے فروغ کیلئے سرکاری اداروں کے ساتھ نجی شعبوں کا کردار بھی قابل تحسین ہے،تاہم تعلیم کے معیار پر کوئی سمجھوتہ کیئے بغیر ہائیر ایجوکیشن کمیشن جیسے ادارے اس کی مکمل چیک اینڈ بیلنس کر رہے ہیں ،ایک اور سوال کے جواب میں انہو ںنے کہا کہ لاہور پاکستان کا ایک اہم تاریخی اور ثقافتی شہر ہے اور اس کے اتاریخی حسن کوبرقرار رکھنے کیلئے والڈ سٹی اتھارٹی قائم کی گئی ہے جو اس قیمتی ورثے کو محفوط بنانے کیلئے عملی طور پر کوشاں ہے ،انہو ںنے کہا کہ آج پاکستان پہلے سے کہیں محفوظ اور بہتر ہے اور یہاں غیر ملکی سرمایہ کاری میں اضافہ اس بات کا عملی ثبوت ہے ،وفد کے شرکاء نے لاہور کے اپنے دورے کو تاریخی قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس کورس سے نہ صرف ان کی پیشہ وارانہ صلاحیتو ں میں اضافہ ہوا بلکہ لاہور کادورہ ان کے کیرئر کا بہترین وقت ہے ،پاکستان نیوی وار کالج میں تربیت حاصل کرنے والے افسران کا تعلق پاکستان،بحرین،بنگلہ دیش،چین، مصر،انڈونیشیا،عراق،ملائشیا،اومان،فلسطین،قطر، سعودی عرب،جنوبی افریقہ،سری لنکا،سوڈان اور متحدہ عرب امارات سے ہے۔