ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج لاڑکانہ کا چانڈکا میڈیکل اسپتال کے سرجیکل ون، ٹو اور تھری وارڈوں سمیت آپریشن تھیڑ کا دورہ

پیر 11 دسمبر 2017 17:25

لاڑکانہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 دسمبر2017ء) ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج لاڑکانہ عبدالغفور کلہوڑو نے گذشتہ روز چانڈکا میڈیکل اسپتال کے سرجیکل ون، ٹو اور تھری وارڈوں سمیت آپریشن تھیڑ کا بھی دورہ کیا جہاں پر ڈاکٹر رجب دیناری کی جانب سے انہیں بتایا گیا کہ او ٹی پیکیج بند ہونے کی وجہ سے گذشتہ چار ماہ سے او ٹی میں ادویات فراہم نہیں کی جا رہیں جہاں مریض کے ورثا آپریشن کے ادویات باہر کے میڈیکل اسٹورس سے خرید کر آتے ہیں جس پر ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج نے انہیں مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ ادویات فراہم نہ کرنے کے متعلق ایم ایس اور سیکریٹری صحت سندھ کو لکھا جائے تاکہ ادویات کی فراہم کو یقینی بنایا جاسکے۔

(جاری ہے)

بعد ازاں ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج نے خواتین کے وارڈ کا دورہ کیا جہاں پر ایک خاتون نے انہیں بتایا کہ وارڈوں میں صفائی ستھرائی کے بہتر انتظامات نہیں جس کے باعث ہمیں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے جس پر ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج نے اسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ واڈوں میں صفائی کے انتظامات کو بہتر بنایا جائے تاکہ آنے والے مریضوں اور ان کے ورثا کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔