شعبہ تعلیم سے بوٹی مافیا کا مکمل خاتمہ کیا ،بے وسیلہ خاندانوں کے چشم و چراغ میرٹ کی بنیاد پر نمایاںپوزیشنز حاصل کر رہے ہیں‘ رانا مشہود احمد

دور دراز علاقوں کے بے وسیلہ گھرانوں کے محنتی اور ہونہار طلبہ دانش سکولوں میں تعلیم حاصل کر کے وطن عزیز کا نام روشن کر رہے ہیں‘ خطاب

پیر 11 دسمبر 2017 17:25

شعبہ تعلیم سے بوٹی مافیا کا مکمل خاتمہ کیا ،بے وسیلہ خاندانوں کے چشم ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 دسمبر2017ء) صوبائی وزیر سکولز ایجوکیشن رانامشہود احمد خاں نے کہا ہے کہ میٹرک امتحانات میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلباء و طالبات ہمارے معاشرے کا قیمتی اثاثہ اور پوری قوم کا سرمایہ ہیں، اس حوالے سے یہ بات خوش آئند ہے کہ پنجاب حکومت نے شعبہ تعلیم سے بوٹی مافیا کا مکمل خاتمہ کیا ہے جس کے نتیجے میں بے وسیلہ خاندانوں کے چشم و چراغ میرٹ کی بنیاد پر نمایاںپوزیشنز حاصل کر رہے ہیں، دوسری جانب دور دراز علاقوں کے بے وسیلہ گھرانوں کے محنتی اور ہونہار طلبہ دانش سکولوں میں تعلیم حاصل کر کے وطن عزیز کا نام روشن کر رہے ہیں۔

یہ بات انہوں نے یہاں ایوان اقبال میں لاہور بورڈ کے زیر اہتمام 2017ء کے میٹرک امتحانات میں 91فیصد سے زائد نمبر حاصل کرنے والے طلباء و طالبات میں لیپ ٹاپ کمپیوٹرز تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

(جاری ہے)

تقریب میں ایم این اے حمزہ شہباز شریف نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔وزیر اعلیٰ لیپ ٹاپ سکیم کے تحت چوتھے مرحلے میں7ارب روپے کی لاگت سے مجموعی طور پر ایک لاکھ سولہ ہزار ہونہار طلباء و طالبات میں لیپ ٹاپ کمپیوٹرز تقسیم کئے جا رہے ہیں۔

تقریب میں بہاولپور، بہاولنگر، اٹک، رحیم یار خان، میانوالی، راجن پوراور ڈی جی خان سمیت مختلف اضلاع کے دانش سکولوں کے طلباء و طالبات نے بھی نمایاں کامیابی حاصل کرنے پر لیپ ٹاپ کمپیوٹرز حاصل کئے۔تقریب کے دوران پنجاب پولیس کے چاک و چوبند دستے نے میٹرک امتحانات میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلباء وطالبات کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔

صوبائی وزیر رانا مشہود نے کہا کہ جہاں حکومت نے انڈوومنٹ فنڈ کے ذریعے ذہین مگر مالی وسائل کی کمی کا شکار طالبعلموں کو اعلی تعلیم کے بے شمار مواقع مہیا کئے گئی-حکومت نے اس بات کو یقینی بنایا ہے کہ معاشرتی معاونت یا روپے پیسے کی کمی کسی بچے کی تعلیم میں حائل نہ ہو، اس حوالے سے خواتین کی تعلیم پر بھی خصوصی توجہ دی گئی ہے -انہو ں نے کہا کہ لیپ ٹاپ ٹیکنالوجی طالبعلموں کی جدید علوم تک رسائی میں اہم معاون ہے ، اب طالبعلموں کو چاہیے کہ وہ لیپ ٹاپ کے ذریعے اپنے شعبہ ہائے تعلیم میں ہونے والی جدید علمی پیش رفت سے خود کو باخبر رکھیں تاکہ پاکستان کو مختلف شعبوں میں بہترین ہیومن ریسورس اور یوتھ لیڈرشپ میسر آئی- تقریب کے اختتام پر صوبائی وزیر رانا مشہود اور حمزہ شہباز شریف ایم این اے نے طالبعلموں میں لیپ ٹاپ تقسیم کئی-