نجفی کمیشن کی رپورٹ آنے پر قاتل اعلیٰ کی سیٹی گم اور نیندیں اڑی ہوئی ہیں ،ڈاکٹر طاہر القادری

ماڈل ٹائون واقعہ پر اپوزیشن جماعتیں شہدا کے ورثا کے ساتھ کھڑی ہیں،قانونی حکمت عملی بنا لی ،14 دسمبر کا وکلا کنونشن اہم ،قاتلوں کو استعفے دینے پڑینگے 'سازشیوں کا کوئی پراپیگنڈہ اور انتقامی ایجنڈا انصاف کی جنگ میںرکاوٹ نہیں بن سکے گا ' پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ کا اجلاس سے خطاب

پیر 11 دسمبر 2017 17:20

نجفی کمیشن کی رپورٹ آنے پر قاتل اعلیٰ کی سیٹی گم اور نیندیں اڑی ہوئی ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 11 دسمبر2017ء) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے کہا ہے کہ ماڈل ٹائون کے انسانی المیہ پر تمام اپوزیشن جماعتیں متحد اور شہدا کے ورثا کے شانہ بشانہ ہیں ' حکمرانوں کا کوئی سازشی پروپیگنڈہ اور انتقامی ایجنڈا انصاف بشکل قصاص کی جدوجہد میں رکاوٹ نہیں بن سکے گا'جسٹس باقر نجفی کمشن رپورٹ کے حوالے سے قاتل حکمرانوں کے ''قاتلانہ ترجمی'' اور غلط بیانیاںقانونی،سیاسی،عوامی حلقوں نے مسترد کر دیں،14دسمبر کا وکلا کنونشن انتہائی اہم ہے پاکستان بھر سے نمائندہ وکلا شریک ہوں گے،قانونی حکمت عملی کو بھی حتمی شکل دے دی ہی'شہباز حکومت کا بیانیہ عدالت عالیہ میں بھی مسترد ہو چکااب خیر اسی میں ہے کہ شہباز شریف ،رانا ثنا اللہ عہدوں سے الگ ہو جائیں ، قاتلوں کو استعفے دینے پڑیں گے ۔

(جاری ہے)

وہ گزشتہ روز پاکستان عوامی تحریک کے وکلا رہنمائوں اور پارٹی کے سنیئر قائدین کے ایک اجلاس میں گفتگو کر رہے تھے ۔ ڈاکٹر طاہر القادری نے کہاکہ سیاسی جماعتوں کے سربراہان اور قا ئدین سے صرف سانحہ ماڈل ٹائون کے انصاف پر گفتگو ہو رہی ہے اور انکی ہمیشہ کی طرح غیر مشروط حمایت ملی ہے ،جسٹس باقر نجفی کمیشن نے شہباز شریف اور رانا ثنا اللہ کے قاتلانہ کردار کو کھل کر بے نقاب کر دیا ہے،انہوں نے کہاکہ شہباز شریف نے کمشن کے اختیارات محدود کرنے کا کوئی موقع ہاتھ سے جانے نہیں دیا ،اس کے باوجود شواہد اتنے واضح تھے کہ قاتلوں کے نام ازخود ابھر کر سامنے آ گئے ۔

ڈاکٹر طاہر القادری نے کہاکہ جب سے جسٹس باقر نجفی کمشن کے حقائق قوم کے سامنے آئے ہیں قاتل اعلی پنجاب کی سیٹی گم اور انکی نیندیںا ڑی ہوئی ہیں اور انہیں عدالتی رپورٹ میں رقم حقائق کی تردید کی جرات بھی نہیں ہو سکی ۔ انہوں نے کہا کہ پانامہ جیسی غیر جانبدار جے آئی ٹی بننے کی دیر ہے ،مجھے کیوں نکالا کا واویلا کرنیوالے نواز شریف بھی دھر لئے جائیں گے کیونکہ انکی منظوری سے مشتاق سکھیرا قتل و غارت گری کیلئے کوئٹہ سے لاہور لائے گئے ،سربراہ عوامی تحریک نے کہا کہ جسٹس باقر نجفی کمیشن نے جو حقائق بے نقاب کئے ہیں انکی روشنی میں قانونی جنگ کو منطقی انجام تک پہنچا نے کا وقت آ گیا ۔

ڈاکٹر طاہر القادری نے مزید کہا کہ وہ پولیس افسرا ن جو سانحہ میں ملوث ہیں اور انسداد دہشتگردی کی عدالت میں تاریخیں بھگت رہے ہیں انکے پاس بھی ابھی وقت ہے کہ وہ قربانی کا بکرا بننے کی بجائے سچ اگل دیں ۔ ڈاکٹر طاہر القادری نے مزید کہاکہ قاتل حکمرانوں نے پہلے بھی بہت الزام تراشی کی اور الٹا لٹکنے کے باوجود شہدائے ماڈل ٹائون کے غریب ورثا کو نہ خرید سکے نہ ڈرا سکے اب بھی وہ اپنے مذموم اور گھنائونے منصوبوں میں کا میاب نہیں ہو سکیں گے اب تو انکی مہلت بھی ختم ہو گئی ہے ۔