امریکہ ہرگز قبائلی علاقوں کو خیبرپختونخوا کا حصہ نہیں بننے دے گا،

تاکہ وہ ان کو اپنی ملک دشمن سازشوں کی آماجگاہ بناتے رہیں، پاکستان کے تمام مشکلات کاوحد حل ملک میں اسلامی نظام کا نفاذ ہے جمعیت علماء اسلام (س)کے امیر مولانا سمیع الحق کا لانگ مارچ شرکا سے خطاب

پیر 11 دسمبر 2017 16:17

امریکہ ہرگز قبائلی علاقوں کو خیبرپختونخوا کا حصہ نہیں بننے دے گا،
اکوڑہ خٹک(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 11 دسمبر2017ء) جمعیت علماء اسلام (س)کے امیر اور دفاع پاکستان کونسل کے چیئرمین مولانا سمیع الحق نے کہاکہ پاکستان دشمن طاقتیں بالخصوص امریکہ ہرگز قبائلی علاقوں کو خیبرپختونخوا کا حصہ نہیں بننے دے گا، تاکہ وہ ان علاقوں کو اپنی ملک دشمن سازشوں کی آماجگاہ بناتے رہیں، مولانا سمیع الحق یہاں جماعت اسلامی کی طرف سے لانگ مارچ کے شرکا سے خطاب کررہے تھے جو پشاور سے اسلام آباد جاتے ہوئے مولانا سمیع الحق اوردیگر علماء سے ملاقات کے لئے دارالعلوم حقانیہ رک گئے تھے، دارالعلوم کے زیرتعمیر جامع مسجد کے وسیع ہال میں لانگ مارچ کے منتظمین نے دارالعلوم حقانیہ سے اپنی محبت اور گہری عقیدت کا اظہار کیا اور اسے اپنا قبلہ علمی قرار دیا، مولاناسمیع الحق نے ہزاروں افراد پر مشتمل قافلے کا خیرمقدم کیا اور کہا کہ جمعیت علماء اسلام روز اول سے قبائل میں ایف سی آر کے کالے قوانین کے خلاف ہے اور کئی سال قبل جمعیت نے پشاور میں بڑے قبائلی جرگہ منعقد کرکے ان قوانین کے خاتمے کا مطالبہ کیاتھا،مولانا سمیع الحق نے کہاکہ پاکستان کے تمام مشکلات کاوحد حل ملک میں اسلامی نظام کا نفاذ ہے ، اورقبائلی بھائیوں نے خیبرپختونخوا میں ضم ہونے کے بعد پاکستانی عوام سے مل کر نفاذ شریعت کی تحریک چلانی ہوگی ،مولاناسمیع الحق نے کہاکہ قبائُی عوام پاکستان کے اسلامی اور ایٹمی قلعہ ہونے کے محافظ اور چوکیدار ہیں، اس لئے دشمن انہیں کالے قوانین میں جکڑے رکھ کر بے رحم و کرم اور بے بس رکھنا چاہتا ہے