اگر لاڑکانہ کا پانی گدلا ہے تو سرگودھا کا بھی ٹھیک نہیں، وزیراعلی سندھ

لاہور کے پانی میں سنکھیا ہے، اگر ہم نے کچھ نہ کیا ہوتا تو لوگ ہمیں ووٹ نہ دیتے،شکر ہے عدالت کو ہمارا خیال ہے، مراد علی شاہ کا تقریب سے خطاب

پیر 11 دسمبر 2017 16:08

اگر لاڑکانہ کا پانی گدلا ہے تو سرگودھا کا بھی ٹھیک نہیں، وزیراعلی سندھ
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 11 دسمبر2017ء) وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ اگر لاڑکانہ کا پانی گدلا ہے تو سرگودھا کا پانی بھی ٹھیک نہیں، لاہور کے پانی میں سنکھیا ہے، اگر ہم نے کچھ نہ کیا ہوتا تو لوگ ہمیں ووٹ نہ دیتے،شکر ہے عدالت کو ہمارا خیال ہے۔ پیر کو کراچی میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے آلودہ پانی کیس میں چیف جسٹس کے ریمارکس سے متعلق ایک تقریب میں بات کرتے ہوئے کہا کہ وفاق کا دل سندھ حکومت کے لیے نہیں دھڑکتا، ہمیں کے فور سمیت دیگر منصوبوں کے لیے فنڈز نہیں دیئے جارہے لیکن شکر ہے عدالت کو ہمارا خیال ہے۔

انہوں نے آلودہ پانی کیس کی سماعت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ عدالت میں کہا گیا کہ لاڑکانہ کا پانی گدلا ہے۔

(جاری ہے)

اس پر کہنا چاہتا ہوں کہ اگر لاڑکانہ کا پانی گدلا ہے تو سرگودھا کا پانی بھی ٹھیک نہیں اور لاہور کے پانی میں سنکھیا ہے۔وزیراعلی سندھ نے کہا کہ اگر ہم نے کچھ نہ کیا ہوتا تو لوگ ہمیں ووٹ نہ دیتے۔ یاد رہے کراچی میں صاف پانی کے کیس میں چیف جسٹس نے وزیراعلی سندھ کو طلب کیا تھا۔ دوران سماعت جسٹس میاں ثاقب نثار نے وزیراعلی سندھ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا تھا کہ آپ جہاں کہیں وہاں جا کر اس پانی کی ایک ایک بوتل پی لیتے ہیں، اگر آپ کہیں تو میں اور آپ بھی مٹھی جا کر نہر سے ایک گلاس پانی پئیں۔

متعلقہ عنوان :