پورے حلقہ میں یکساں ترقیاتی کام ہو رہے ہیں، عوام سے کئے تمام وعدے پورے کریں گے، ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی

پیر 11 دسمبر 2017 15:50

پورے حلقہ میں یکساں ترقیاتی کام ہو رہے ہیں، عوام سے کئے تمام وعدے پورے ..
حویلیاں ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 دسمبر2017ء) ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی مرتضیٰ جاوید عباسی نے کہا ہے کہ حویلیاں کے تمام علاقوں میں یکساں ترقیاتی کام ہو رہے ہیں، الیکشن میں کئے گئے تمام وعدے پورے کر رہے ہیں، عوام سے کارکردگی کی بنیاد پر ووٹ مانگیں گے، حویلیاں کے عوام پہلے بھی مسلم لیگ (ن) کے ساتھ تھے اور آئندہ الیکشن میں بھی مسلم لیگ (ن) کو ہی ووٹ اور سپورٹ کریں گے، حویلیاں سمیت ہزارہ مسلم لیگ (ن) کا گڑھ ہے۔

وہ گذشتہ روز ویلج کونسل سٹورہ میں ہائی و ہائیر سکینڈری سکول کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ رکن صوبائی اسمبلی سردار اورنگزیب نلوٹھہ نے بھی تقریب کے دوران یونین کونسل سنوڑہ کیلئے کروڑوں روپے کی ترقیاتی سکیموں کا اعلان کیا۔ مرتضیٰ جاوید عباسی نے کہا کہ ستوڑہ میں سکول کے قیام سے بچوں کیلئے تعلیم کے دروازے کھل گئے ہیں، اس سکول میں زیر تعلیم بچے مستقبل کے انجینئر، ڈاکٹر، سائنسدان اور جنرل سمیت زندگی کے تمام شعبوں میں خدمات سرانجام دیکر ملک و قوم کا نام روشن کریں گے۔

(جاری ہے)

ڈپٹی سپیکر مرتضیٰ جاوید عباسی اور رکن صوبائی اسمبلی سردار اورنگزیب نلوٹھہ نے ڈیڑھ کروڑ روپے واٹر سپلائی سکیم، بنی پانڈ تا نلہ سڑک کیلئے تین لاکھ روپے، منکا سڑک کیلئے 20 لاکھ، پونہ سے ستوڑہ سڑک کیلئے 9 کروڑ، بفل دھڑہ کیلئے 25 لاکھ روپے، لیرالاں بٹکنالہ سڑک کیلئے سوا چھ کروڑ روپے کی منظوری کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ اگلے سوموار تک بجلی وولٹیج کا مسئلہ بھی حل کر دیا جائے۔

اس موقع پر فتح آباد کیلئے 10 لاکھ، مزوارہ سے گورا سڑک کیلئے تین کروڑ، واٹر سپلائی کنگڑ ہوتر گائوں کیلئے 80 لاکھ روپے کی منظوری دی گئی۔ جلسہ سے حویلیاں کے تحصیل ناظم سردار ارسل پرویز، نائب ناظم سردار طارق، سردار سعادت، سردار فضل رازق، سردار وسیم، سردار رفاقت کسان کونسلر، سردار کامیاب و دیگر نے بھی خطاب کیا۔

متعلقہ عنوان :