آمدن سے زائد اثاثہ جات کا ریفرنس، سابق وزیر خزانہ اشتہاری قرار

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین پیر 11 دسمبر 2017 14:42

آمدن سے زائد اثاثہ جات کا ریفرنس، سابق وزیر خزانہ اشتہاری قرار
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔11 دسمبر 2017ء): آمدن سے زائد اثاثہ جات کے ریفرنس میں نیب عدالت نے سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کو اشتہاری قرار دے دیا ۔ تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کو اشتہاری قرار دیتے ہوئے ان کے ضمانتی کو 50 لاکھ روپے کی زر ضمانت جمع کروانے کا حکم جاری کیا۔قبل ازیں سماعت کے دوران نیب کے اسپیشل پراسیکیوٹر عمران شفیق نے عدالت سے ملزم اسحاق ڈار کو اشتہاری قرار دینے کی درخواست کی جس کی وکیل صفائی کی جانب سے مخالفت کی گئی اور اسحاق ڈار کی نئی میڈیکل رپورٹ عدالت میں پیش کردی گئی۔

اسحاق ڈار کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ان کے موکل کی ایم آر آئی کا انتظار تھا، سینے میں اب بھی تکلیف ہے جبکہ دل کی شریان میں بھی معمولی مسئلہ ہے۔

(جاری ہے)

وکیل نے کہا کہ اسحاق ڈار کے مزید ٹیسٹ ہوں گے، نیب نے اب تک میڈیکل رپورٹ کی تصدیق نہیں کروائی ،اور وارنٹ کی تعمیل لاہور کے ایڈریس پر کی گئی وہ تو وہاں رہتے ہی نہیں۔اس موقع پر اسپیشل پراسیکیوٹر نیب نے کہا کہ ملزم کو تمام عدالتی کارروائی کا علم ہے اس لئے وارنٹ لندن بھجوانے کی ضرورت نہیں ہے۔

سابق ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل نیب قاضی مصباح بھی عدالت میں پیش ہوئے، جس پر فاضل جج نے کہا کہ آپ اس مقدمے میں وکیل نہیں ہیں لہٰذا آپ دلائل نہیں دے سکتے۔ جس کے بعد عدالت نے اسحاق ڈار کو اشتہاری قرار دینے سے متعلق درخواست پر فیصلہ محفوظ کیا۔