عدلیہ کے فیصلے نے اورنج ٹرین کی تعمیر میں رکاوٹ بننے والوں کا سیاسی مستقبل تاریک کر دیا ‘پرویز ملک

عوام مخالفین کے منفی اور انتشار کے ایجنڈے کو سمجھ چکے ، ہمارا ہر قدم عوام کی فلاح کیلئے اٹھ رہا ہے‘ خواجہ عمران نذیر

پیر 11 دسمبر 2017 13:43

عدلیہ کے فیصلے نے اورنج ٹرین کی تعمیر میں رکاوٹ بننے والوں کا سیاسی ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 دسمبر2017ء)وفاقی وزیر تجارت محمد پرویز ملک اور صوبائی وزیر پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ خواجہ عمران نذیر نے کہا ہے کہ اورنج لائن میٹرو ٹرین کے منصوبے میں بعض سیاسی عناصر کی جانب سے بلا جواز رکاوٹیں کھڑی کی گئیں عدلیہ کے فیصلے نے ان کے سیاسی مستقبل میں کیل ٹھونک دیا ہے اور اب یہ منصوبہ دوبارہ ٹریک پر آ گیا ہے، ضائع ہونے والے قیمتی وقت کا ازالہ انتھک محنت سے کیاجائیگا، کوشش ہے کہ اس منصوبے کو جلد مکمل کر کے عام آدمی کو باعزت عالمی معیار کی سفری سہولتیں مہیا کریں، پاکستان اور چین کے دوست اور دشمن مشترکہ ہیں، لاہور اورنج لائن میٹرو ٹرین کی تعمیر کے لئے عدلیہ کا مثبت فیصلہ دراصل منصوبہ چین نگ کا پاکستان کیلئے ایک تحفہ ہے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز لاہور دفتر میں رہنماؤں و کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ارکان اسمبلی چوہدری محمد شہباز،غزالی سلیم بٹ،سید توصیف شاہ،تنویر ضیا بٹ،عامر خان، چوہدری عبدالمجید چن نمبردار اور سمیر امجد سمیت دیگر بھی موجود تھے۔انہوں نے مزید کہا کہ ترقی اور خوشحالی کے سفر میں رخنہ ڈالنے والوں کو عوام بری طرح مسترد کر چکے ہیں۔

آئندہ نسلوں کو جھوٹ اور الزام تراشی سے پاک ایک، خوشحال و ترقی یافتہ پاکستان دیں گے۔ ہماری حکومت نے منصوبوں میں رفتار، معیار اور شفافیت کے نئے کلچر کو فروغ دیا ہے،میرٹ اور شفافیت ہماری حکومت کا سکہ رائج الوقت ہے، ماضی میں قومی وسائل کو بے دردی سے لوٹا گیا جبکہ آج شفافیت کا دور دورہ ہے اور وسائل دیانتداری سے صرف کئے جا رہے ہیں۔ منصوبوں کی تیز رفتار تکمیل اور شفافیت پر ترقی مخالفین کو پریشانی ہو رہی ہے۔