ملک کے مختلف علاقوں میں شدید بارشوں کا سلسلہ شروع ، مری اور گلیات میں موسم سرما کی پہلی برفباری

سردی کی شدت میں اضافہ ،کوئلے، لکڑی اور خشک میوہ جات کی قیمتیں بڑھ گئیں شجاع آباد میں بارش کی وجہ سے کچے مکان کی چھت گر گئی ، کوئی جانی نقصان نہیں ہوا

پیر 11 دسمبر 2017 13:18

ملک کے مختلف علاقوں میں شدید بارشوں کا سلسلہ شروع ، مری اور گلیات میں ..
اسلام آباد/لاہور / کراچی /چترال (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 11 دسمبر2017ء) اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں شدید بارشوں کاسلسلہ شروع ہوگیاجو آئندہ مزید دو روز تک جاری رہنے کا امکان ہے ،کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش اور برفباری کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا،بالائی علاقوں میں برفباری کا سلسلہ جاری ہے۔سردی کی لہر بڑھنے سے کوئلے، لکڑی اور خشک میوہ جات کی قیمتوں میں اضافہ ہو گیا ۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور، فیصل آباد، ملتان، قصور، چیچہ وطنی، بھکر، سیالکوٹ، بھورے والا، چنیوٹ سمیت دیگر شہروں میں کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش کے بعد ٹھنڈ کی شدت میں اضافہ ہوگیا۔جب کہ ملتان کے علاقے شجاع آباد میں بارش کی وجہ سے کچے مکان کی چھت گر گئی تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

(جاری ہے)

سڑکوں پر پانی کھڑا ہونے کی وجہ سے طلبا وطالبات کو اسکول اور شہریوں کو دفاتر پہنچنے میں دشواری کا سامنا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور، پشاور، عارف والا، مانانوالہ وگردونواح، پنڈی بھٹیاں، حافظ آباد میں موسم سرما کی پہلی بارش سے ٹھنڈ بڑھ گئی جب کہ پتوکی میں بھی ہلکی بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ پتوکی میں مسلسل بارش کی وجہ سے مضافاتی علاقوں کے مکین پریشان ہیں۔شیخوپورہ اور بہاولنگر میں بارش کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے۔ بہاولنگر میں اچانک سردی بڑھنے کی وجہ سے کوئلہ، لکڑی اور خشک میوہ جات کی قیمتیں مہنگی ہوگئی ہیں۔

شہریوں نے حکومت سے اپیل کی ہے کہ سردی کے باعث گیس کی لوڈشیڈنگ بڑھ گئی ہے اور وہ کوئلہ استعمال کرنے پر مجبور ہیں لہذا مداخلت کرکے کوئلے کی قیمتوں میں کمی کرائی جائے۔ رحیم یار خان ،بھکر ، پشاور، میانوالی، ٹوبہ ٹیک سنگھ ، کندیاں میں رات بھر سے وقفے وقفے سے ہلکی بارش کا سلسلہ جاری ہے ۔دوسری جانب اسکردو سمیت ملک کے مختلف بالائی علاقوں اور پہاڑوں پر برفباری کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے، چترال، اپر دیر ، لوئر دیر ، سوات، مالاکنڈ ، شانگلہ، ایبٹ آباد، کوہستان، مانسہرہ میں بھی برفباری کا امکان ہے جب کہ استور میں رات سے برفباری جاری ہے۔

شہر قائد میں بھی صبح سے موسم ابر آلود ہے اور بعض علاقوں میں ہلکی بوندا باندی بھی ہوئی جس کی وجہ سے موسم خوشگوار اورسردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا۔کراچی میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران مطلع صاف اور کبھی جزوی ابرآلود رہنے کے امکان کے ساتھ ساتھ رات میں موسم سرد رہیگا۔ شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 14 اعشاریہ 5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے اور شمال مشرق سے ہلکی ہوائیں چل رہی ہیں، جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 42 فیصد بتایا جارہا ہے۔

حکمہ موسمیات کے مطابق وادی کوئٹہ اور گرد و نواح میں مطلع مکمل طور پر صاف اور موسم شدید سرد و خشک ہے جب کہ آئندہ 12 گھنٹوں کے دوران شمال مشرقی بلوچستان میں بارش اور برفباری کا امکان ہے۔کوئٹہ اور قلات میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 7 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جب کہ دالبندین میں منفی 4، پنجگور میں منفی ایک، خضدار میں ایک، ژوب میں 2 اور سبی میں کم سے کم درجہ حرارت 6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

متعلقہ عنوان :