اردن میں انوکھی مہم: امریکی سفارتخانے کی سڑک کا نام ’القدس عربیہ‘ رکھا جائے

پیر 11 دسمبر 2017 12:48

اردن میں انوکھی مہم: امریکی سفارتخانے کی سڑک کا نام ’القدس عربیہ‘ ..
عما ن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 11 دسمبر2017ء) اردن کے شہریوں نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے یروشلم کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کرنے کے فیصلے کے خلاف انوکھے احتجاج کی تجویز پیش کی ہے۔اردن کے شہریوں نے تجویز پیش کی ہے کہ دارالحکومت عمان میں جس سڑک پر امریکی سفارتخانہ واقع ہے اس سڑک کا نام تبدیل کر کے ’عرب یروشلم سٹریٹ‘ رکھ دیا جائے۔

یہ تجویز امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اعلان کے بعد سوشل میڈیا پر شروع کی گئی ہے۔اس وقت عمان میں جس سڑک پر امریکی سفارتخانہ واقع ہے اس کا نام ’شارع الامویین‘ ہے۔سوشل میڈیا پر تجویز دینے والوں کا کہنا ہے کہ سڑک کا نام ’القدس عربیہ‘ میں تبدیل کرنے سے امریکی سفارتخانے کو مجبوراً ’القدس عربیہ‘ لکھنا پڑے گا۔

(جاری ہے)

سڑک کا نام تبدیل کرنے کے حمایتیوں کا کہنا ہے کہ یہ مہم اس وقت سود مند ثابت ہو گی جب وہ تمام ممالک جو فلسطین کے حق میں ہیں وہ اپنے ممالک میں اس سڑک کا نام تبدیل کریں جہاں امریکی سفارتخانہ واقع ہے۔

عرب نیوز کے مطابق عمان سٹی کونسل کے رکن اسماعیل بستانجی کا کہنا ہے کہ انھوں نے ایک قرارداد تیار کی ہے جس میں شارع الامویین کا نام تبدیل کر کے القدس عربیہ رکھا جائے۔’ہم ایسا اس لیے کرنا چاہتے ہیں تاکہ دنیا اور خاص طور پر وہ لوگ جو امریکی سفارتخانے میں کام کرتے ہیں یا وہاں جاتے ہیں کو معلوم چلے ہمارے لیے یروشلم ایک عرب شہر ہے۔مصر کے سیاسی کارکن خالد داؤد کا کہنا ہے کہ انھوں نے مصر کی مختلف سیاسی جماعتوں کو یہ تجویز دی ہے اور ان کے خیال میں یہ سیاسی جماعتیں قرارداد تیار کریں گی کہ قاہرہ میں قصر الدوبارہ سڑک کا نام تبدیل کیا جائے۔

سوشل میڈیا پر جاری اس مہم کے دوران اس بات کی نشاندہی کی گئی کہ پیغام پہنچانے کے لیے سڑک کا نام تبدیل کرنا عرب دنیا میں انوکھا طریقہ نہیں ہے۔سعودی عرب کے شہر جدہ میں امریکی قونصلیٹ ’فلسطین سٹریٹ‘ پر واقع ہے۔کئی صارفین نے ٹویٹ کیا کہ اس سڑک کا نام شاہ فیصل نے تبدیل کر کے کے فلسطین سٹریٹ رکھا تھا۔ ٹویٹس میں مزید کہا گیا کہ یہ نام اس لیے رکھا گیا تاکہ امریکی قونصلیٹ اپنے پتے میں فلسطین کا نام لکھیں۔فلسطین سٹریٹ کے بارے میں جو سوشل میڈیا میں کہا جا رہا ہے سچ ہے کہ نہیں تاہم اس حوالے سے سوشل میڈیا پر کافی چرچا رہا۔قطر سے تعلق رکھنے والے ایک ٹوئٹر صارف @sa600r نے ٹویٹ کیا ’عرب اور مسلم ممالک ہر اس سڑک کا نام فلسطین رکھ دو جہاں امریکی سفارتخانہ واقع ہے۔‘

متعلقہ عنوان :