ملک کے مختلف علاقوں میں بارش، مری اور گلیات میں موسم سرما کی پہلی برفباری

ٹھنڈ کی شدت میں اضافہ،سیاحوں نے برفباری دیکھنے کے لئے مری کا ر خ کر لیا ملتان کے علاقے شجاع آباد میں بارش کی وجہ سے کچے مکان کی چھت گر گئی بدھ تک خیبرپختونخوا، کشمیر، فاٹا اور گلگت بلتستان میں بارش کی پیشگوئی

پیر 11 دسمبر 2017 12:48

ملک کے مختلف علاقوں میں بارش، مری اور گلیات میں موسم سرما کی پہلی برفباری
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 11 دسمبر2017ء) اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش کے بعد موسم کی شدت میں اضافہ ہوگیا جب کہ بالائی علاقوں میں برفباری کا سلسلہ جاری ہے۔اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور، فیصل آباد، ملتان، قصور، چیچہ وطنی، بھکر، سیالکوٹ، بھورے والا، چنیوٹ سمیت دیگر شہروں میں کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش کے بعد ٹھنڈ کی شدت میں اضافہ ہوگیا۔

جب کہ ملتان کے علاقے شجاع آباد میں بارش کی وجہ سے کچے مکان کی چھت گر گئی تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔استور کے میدانی علاقوں میں بارش اور بالائی علاقوں میں برفباری کا سلسلہ جاری ہے جب کہ مظفرآباد شہر اور گرد و نواح میں بھی ہلکی بارش اور پہاڑوں پر برفباری ہوئی۔

(جاری ہے)

بابو سر ٹاپ، نانگا پربت، بٹو گاہ ٹاپ پر وقفے وقفے سے برف باری جاری ہے، مری اور گلیات میں موسم سرما کی پہلی برفباری ہوئی جس کے بعد سیاحوں نے برفباری دیکھنے کے لئے وہاں کا رخ کرلیا۔

کراچی میں بھی علی الصبح موسم آبر آلود رہا اور بعض علاقوں میں ہلکی بوندا باندی بھی ہوئی۔ بدھ تک خیبرپختونخوا، کشمیر، فاٹا اور گلگت بلتستان میں بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق وادی کوئٹہ اور گرد و نواح میں مطلع مکمل طور پر صاف اور موسم شدید سرد و خشک ہے جب کہ آئندہ 12 گھنٹوں کے دوران شمال مشرقی بلوچستان میں بارش اور برفباری کا امکان ہے۔کوئٹہ اور قلات میں کم سیکم درجہ حرارت منفی 7 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جب کہ دالبندین میں منفی 4، پنجگور میں منفی ایک، خضدار میں ایک، ڑوب میں 2 اور سبی میں کم سے کم درجہ حرارت 6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔