اسرائیل دہشت گردریاست،جنگجوئوں کی پشت پناہی کرتاہے،ترک صدر

اسرائیلی ریاست کا دارالحکومت صرف اور صرف القدس ہے، اس کے سوا اور کوئی شہر نہیں ہوسکتا،نیتن ہاھو

پیر 11 دسمبر 2017 11:51

پیرس (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 دسمبر2017ء) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے مقبوضہ بیت المقدس کو صہیونی ریاست کا صدر مقام تسلیم کیے جانے کے بعد ترک صدر طیب ایردوان اور اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاھو کیدرمیان تناؤ میں اضافہ ہوگیا ہے۔ دونوں رہ نماؤں نے ایک دوسرے پر دہشت گردوں کی پشت پناہی کا الزام عاید کیا ہے۔عرب ٹی وی کے مطابق ترک صدر رجب طیب ایردوآن نے القدس اسرائیل کے حوالے کرنے پر اپنے امریکی ہم منصب ڈونلڈ ٹرمپ کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا ۔

اپنے ایک آتشیں خطاب میں صدر ایردوآن نے کہا کہ فلسطینی قوم مظلوم ہے جب کہ اسرائیل ایک دہشت گرد ریاست ہے۔ انہوں نے کہا کہ القدس کو بچوں کے قاتلوں کے رحم وکرم پر نہیں چھوڑ سکتے۔ترک صدر نے کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے بیت المقدس کو اسرائیلی ریاست کا دارالحکومت تسلیم کیے جانے کے اقدام کے خلاف ہرممکن کوششیں جاری رکھیں گے۔

(جاری ہے)

تاہم اپنے دورہ فرانس کے دوران پیرس میں اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاھو نے ترک صدر کے الزامات مسترد کردیے۔ انہوں نے کہا کہ ترکی میں کردوں پر بمباری کرنے، صحافیوں کو جیلوں میں قید کرنے، ایران کے خلاف پابندیوں میں تہران کی مدد اور غزہ کی پٹی میں دہشت گردوں کی مدد کرنے والے ذمہ دار کو ہمیں اخلاقیات کا درس دینے کوئی ضرورت نہیں۔بعد ازاں فرانسیسی صدر میکروں کے ہمراہ ایک پریس کانفرنس سے خطاب میں نیتن یاھو نے کہا کہ اسرائیلی ریاست کا دارالحکومت صرف اور صرف القدس ہے، اس کے سوا اور کوئی شہر نہیں ہوسکتا۔

متعلقہ عنوان :