زمونگ جذبہ ویلفیئر سوسائٹی مردان کے زیر اہتمام یتیم و لاچار بچوں میں وینٹر سیزن پیکیج تقسیم

پیر 11 دسمبر 2017 11:50

مردان۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 دسمبر2017ء)زمونگ جذبہ ویلفیئر سوسائٹی مردان کے زیر اہتمام یتیم و لاچار بچوں میں وینٹر سیزن پیکیج تقسیم کئے گئے۔ زمونگ جذبہ ویلفیئر سوسائٹی ایک فلاحی ادارہ ہے جو ضلع مردان میں اپنی مدد آپ کے تحت غریب، یتیم و لاچار بچوں کی فلاح ، صحت کی سہولیات اور تعلیمی ضروریات پوری کرنے کے مشن پر کام کررہا ہے۔

ان خیالات کا اظہار زمونگ جذبہ ویلفیئر سوسائٹی کے چیئرمین محمد پرویز نے ادارے کے زیر اہتمام220سرکاری سکولوں میں زیر تعلیم یتیم و لاچار بچوں میں وینٹر سیزن پیکیج تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب کے مہمان خصوصی ضلعی نائب ناظم مردان اسد علی کشمیری تھے جبکہ صدارت ادارے کے سر پرست اعلیٰ حاجی کفایت اللہ نے کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر محمد پرویز نے کہا کہ زمونگ جذبہ ویلفیئر سوسائٹی ضلع مردان میں واحد اور منفرد ادارہ ہے جو اپنی سہولیات مختلف صاحب حیثیت افراد کے تعاون سے یتیم و لاچار بچوں کو گھروں پر فراہم کر رہا ہے۔

ہمارا ادارہ یتیم و لاچار بچوں کو سالانہ بنیاد پر جو سہولیات فراہم کر رہا ہے، اُس میں دیگر سہولیات کی علاوہ وینٹر سیزن پیکج فراہم کرنا بھی شامل ہے۔ یہ پیکیج ادارہ 2010ء سے مسلسل ان مستحق بچوں کو فراہم کر رہا ہے۔ مہمان خصوصی ضلعی نائب ناظم اسد علی کشمیری نے زمونگ جذبہ ویلفیئر سوسائٹی کو اپنی طرف سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ ادارے کیساتھ رجسٹرڈ بچوں کے ساتھ ضلعی حکومت بھر پور تعاون کریگی۔

اسد کشمیری نے کہا کہ ُدکھی انسانیت کی بے لوث خدمت حقیقی معنوں میں عبادت کا درجہ رکھتی ہے اور یہ خدمت انجام دینے والے مبارکباد کے مستحق ہیں جنہوں نے اس پرآشوب دور میں یتیم اور لاچار بچوں کی خدمت کا بیڑہ اٹھا رکھا ہے انہوں نے کہا کہ ادارے کے کارکنوں کا فلاحی سرگرمیوں میں حصہ لیناقابل تحسین امر ہے۔