حلقہ انتخاب پی پی 123میں ترقیاتی کاموں کا جال بچھا دیا گیا ہے ، یونین کونسل میانہ پورہ کے تمام گلیوں محلوں میں ٹف ٹائیلز لگادی گئی ہیں، صوبائی وزیر بلدیات

اتوار 10 دسمبر 2017 23:50

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 10 دسمبر2017ء) صوبائی وزیر بلدیات و کمیونٹی ڈویلپمنٹ پنجاب محمد منشاء اللہ بٹ نے کہا ہے کہ حلقہ انتخاب پی پی 123میں ترقیاتی کاموں کا جال بچھا دیا گیا ہے جبکہ یونین کونسل میانہ پورہ کے تمام گلیوں محلوں میں ٹف ٹائیلز لگادی گئی ہیں ‘ عوام کی خدمت کا سفر نیک نیتی اور شفافیت سے جاری ہے اور رہے گا انتخابات میں عوام سے کئے گئے تمام وعدوں کو اللہ کے فضل و کرم سے انشاء اللہ نبھائیں گے۔

یہ بات انہوں نے یونین کونسل نیامیانہ پورہ میں جاری ترقیاتی کاموں کا جائزہ لینے کے بعد یوسی چیئرمین مہر ذوالفقار کی رہائش گاہ پر منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر جنرل کونسلرمہر ندیم، محمود بٹ، میاں طارق ، مہر ارشد، شاہجہاں، عابد گل اور وارث بٹ کے علاوہ معززین علاقہ بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر محمد منشاء اللہ بٹ نے کہاکہ مسلم لیگ ن ہی عوام کی امنگوں کی حقیقی ترجمان ہے کیونکہ اس کا ہاتھ عوام کی نبض پر ہے۔

انہوں نے کہاکہ یونین کونسل نیا میانہ پورہ میں گذشتہ 4سالوں کے دوران پانچ کروڑ 30لاکھ روپے کی لاگت سے منصوبے مکمل کئے جاچکے ہیں جبکہ ساڑھے تین کروڑ روپے کی لاگت سے منصوبے جاری ہیں اور اسی طرح 5کروڑ کے مزید منصوبوں کا بھی آغاز کردیا گیا ہے۔ صوبائی وزیر محمد منشاء اللہ بٹ نے کہاکہ وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف صوبہ کی تعمیر و ترقی اور عوام کی خوشحالی کیلئے دن رات کوشاں ہیں اور بے پناہ وسائل مہیا کررہے ہیں۔

اس موقع پر بلدیاتی نمائندوں نے سوئی گیس، بجلی اور پی ٹی سی ایل سمیت دیگر محکموں کے متعلقہ مسائل سنیں اور ان کے حل کیلئے اقدامات کرنے کی یقین دہانی کروائی۔ قبل ازیں صوبائی وزیر بلدیات محمد منشاء اللہ بٹ نے ضلعی نائب صدر مسلم لیگ ن کے نامزد نائب صدر ناصرف علی گل کو ان کے عہدے کا نوٹیفکیشن دیا اور پارٹی کی جانب سے عہدہ سنبھالنے پر ایم پی اے چودھری محمد اکرام، ضلعی جنرل سیکرٹری پی ایم ایل این شجاعت علی پاشا اور چیئرمین ضلعی زکوة و عشر کمیٹی سیالکوٹ میاں سہیل اقبال نے مبارکباد دی۔