ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی کے زیر اہتمام ہیلتھ کنونشن کے سلسلہ میں ڈینگی بارے سیمینارکاانعقاد

اتوار 10 دسمبر 2017 22:40

ملتان ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 دسمبر2017ء) ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی کے زیر اہتمام گزشتہ روز ہیلتھ کنونشن کے سلسلہ میں چیف ایگزیکٹو آفیسر آفس کے کمیٹی روم میں ڈینگی بارے سیمینار منعقد ہوا ۔جس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی میئر ملتان منور احسان قریشی نے کہا کہ حکومت پنجاب کے انقلابی اقدا مات کی بدولت ڈینگی پر قابو پا لیا گیا ہے اور ضلع ملتان میںمحکمہ صحت کی کاوشوں سے تاحال کوئی مریض سامنے نہیں آیا ۔

وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف کے وژن کے تحت بدلتے موسم میں اس مرض کی وجہ بننے والے مچھر کے لاروا کے خاتمے کے لئے جنگی بنیادوں پر کام ہو رہا ہے ۔ چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیلتھ اتھارٹی ڈاکٹر شاہد بخاری نے کہا کہ جب ڈینگی کا مرض ہمارے ملک میں سامنے آیا تو وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف اس کے خاتمے کا مشن لیکر میدان میں آئے اور ہنگامی اقدا مات اور مسلسل جد و جہد کی بدولت چند سالوں میں ہی اس مرض پر قابو پالیا گیا ہے ، شہری احتیاطی تدا بیر پر عمل درآمد کو یقینی بنا ئیں اور گھر گھر آنیوالی ڈینگی ٹیموں سے تعاون کریں ، ہم ضرور جلد ہی اس مرض کے لاروا کو بھی ختم کر نے میں کامیاب ہو جائیں گے۔

(جاری ہے)

ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر آمنہ زیدی نے کہا کہ ضلعی انتظا میہ اس مرض پر بھر پور توجہ مر کوز کئے ہو ئے ہے ہماری مشترکہ کاوشیں ضرور رنگ لائیں گی ۔ڈاکٹر وسیم رمزی نے کہا کہ ڈینگی نے ابتداء میں ہزاروں افراد کو آڑے ہاتھوں لیا مگر ہمارے ملک میں اسے شکست ہو ئی ، ہمارا ڈینگی کا سپیشل یونٹ اپنے فرائض انجام دہی میں اب بھی آگے ہے ،یونین چیئر مین شیخ عمران ارشد نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب کے خصوصی اقدا مات کی وجہ سے آج ہم خود کو ڈینگی سے بچائے ہوئے ہیں ،ہمیں اس بارے میں عوام میں آگاہی پیدا کر نا ہو گی ۔

فوکل پرسن برائے ڈینگی ملتان ڈاکٹر عطا ء الرحمن نے کہا کہ ڈینگی لارواصاف پانی میں نمو پاتا ہے ، ہمیں اپنے گھروں کے گملوں ،بالٹیوں ،روم کولرز اور گراسی پلاٹس میں پانی کھڑا نہیں ہو نے دینا چاہیئے۔ بخار کی صورت میں اسکی علامات سامنے آتی ہیں ۔شدت کی صورت میںجسم سے خون بہنے لگتا ہے، سستے خون ٹیسٹ کی بدولت اس بیماری کا پتہ چلایا جا سکتا ہے شہری حکومت پنجاب کی احتیاطی تدابیر کو اپنا ئیں، ڈاکٹر عطا ء الرحمن نے مزید کہا کہ ڈینگی سٹاف کو ریگو لر کر نے کے لئے مراسلہ حکومت پنجاب کو بھجوادیا گیا ہے جلد احکامات ملنے پر انہیں مستقل کر دیا جائے گا۔

فوکل پرسن ہیلتھ کنونشن ڈاکٹر عامر اسد نے کہا کہ محکمہ صحت کی سخت مانیٹرنگ کی بدولت ہم اس مرض پر قابو پانے میں کامیاب رہے ہیں۔لاروا ملنے کی صورت میں ہمارا سٹاف فورا متاثرہ علاقوں میں جاتا ہے اور اپنے اقدا مات کو یقینی بناتا ہے،ڈاکٹر انجم اقبال نے کہا کہ احتیاطی تدابیر کی تشہیر کو سہل اور یقنی بنا یا گیا ہے آگاہی کی وجہ اور شہریوں کے تعاون سے ہم اس مرض کو جڑ سے ختم کر رہے ہیں ۔ سیمینار میں ڈاکٹر ز و پیرا میڈیکل سٹاف بھی موجود تھا۔

متعلقہ عنوان :