ڈپٹی کمشنر حیدرآباد نے مہاجر قومی موومنٹ پاکستان کو لطیف آباد اکبری گرائونڈ میں 15 دسمبر کو جلسہ عام کرنے کی اجازت دے دی

اتوار 10 دسمبر 2017 22:20

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 دسمبر2017ء) ڈپٹی کمشنر حیدرآباد نے مہاجر قومی موومنٹ پاکستان کو لطیف آباد اکبری گرائونڈ میں 15 دسمبر کو جلسہ عام کرنے کی اجازت دے دی ہے۔مہاجر قومی موومنٹ کی زونل کمیٹی کے ممبر تیمور چوہان نے اکبری گرائونڈ میں 15 دسمبر کو اپنی پارٹی کے چیئرمین آفاق احمد کے جلسہ عام کے لئے اجازت کی درخواست دی تھی، ڈپٹی کمشنر محمد سلیم راجپوت نے روایتی طور پر مقررہ شرائط کے ساتھ جلسہ کرنے کی اجازت دے دی ہے، یاد رہے کہ 8 دسمبر کو اکبری گرائونڈ لطیف آباد میں ہی متحدہ قومی موومنٹ پاکستان نے جلسہ عام منعقد کیا تھا، اب مہاجر قومی موومنٹ بھی اس کے مقابلے کے لئے اسی گرائونڈ میں جلسہ کر رہی ہے، مہاجر قومی موومنٹ کے رہنمائوں کا کہنا ہے کہ اس سے پہلے ضلعی انتظامیہ نے شہر میں کہیں بھی جلسہ کرنے کی اجازت دینے سے انکار کر دیا تھا۔

(جاری ہے)

درایں اثناء مہاجر قومی موومنٹ پاکستان کے جنرل سیکریٹری شاہد فراز نے کہا ہے کہ 15 دسمبر کو مہاجروں کی حقیقی طاقت کا اکبری گرائونڈ میں مظاہرہ کیا جائے گا، مہاجر قوم کے تشخص کو ختم کرنے کی ہر سازش ناکام بنا دی جائے گی، ایک پریس کانفرنس میں انہوں نے کہا کہ مہاجر قومی موومنٹ کے چیئرمین آفاق احمد نے انتہائی نامساعد حالات میں بھی مہاجروں کے تشخص کی حفاظت کی ہے جبکہ 30 سال سے مہاجروں کے نام پر ووٹ لے کر حکمرانی کرنے والوں نے صرف اقتدار کے مزے لوٹے ہیں کراچی اور حیدرآباد کو تباہ کیا ہے اور مہاجروں کو تعلیم اور ترقی کی جگہ لاشیں دی ہیں، انہوں نے کہا کہ 15 دسمبر کا جلسہ عام ثابت کر دے گا کہ مہاجروں کا اصل حقیقی رہنماء کون ہے۔

متعلقہ عنوان :