زراعت کے شعبے میں مارکیٹنگ اینڈ اکنامکس کا کلیدی کردار ہے،صوبائی وزیرزراعت

اتوار 10 دسمبر 2017 20:50

ڈیرہ مراد جمالی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 دسمبر2017ء) صوبائی وزیرزراعت سردار محمد اسلم بزنجوسے چیئرمین مارکیٹ کمیٹی نصیرآباد میرحفیظ اللہ جتک نے ملاقات کی اورانہیں نصیرآباد مارکیٹ کمیٹی کے درپیش مسائل اور مارکیٹ کی کارکردگی کے متعلق آگاہی فراہم کیا ۔صوبائی وزیر زراعت سردار محمد اسلم بزنجو نے کہا کہ زراعت کے شعبے میں مارکیٹنگ اینڈ اکنامکس کا کلیدی کردار ہے جوکہ محکمہ کو ریونیو فراہم کرنے کے ساتھ زمینداروں ،کاشتکاروں اور کاروباری حضرات کو ہر ممکن سہولیات فراہم کررہی ہے اور مارکیٹ کے ذریعے صوبہ سمیت اندرون ملک غذائی خوراک کو پوراکرنے کے ساتھ سرمایہ کاری کے شعبے کو بھی فروغ حاصل ہورہا ہے۔

نصیرآباد مارکیٹ کمیٹی کی کارکردگی تسلی بخش ہے اور نصیرآباد زرعی گرین بیلٹ ہونے کے باعث مارکیٹ کمیٹی کی افادیت سے انکارممکن نہیں حکومت کی بھرپور کوشش ہے کہ مارکیٹنگ کے شعبے کو جدید تقاضوں کے مطابق ہرممکن سہولیات سے آراستہ کیا جائے جس کے لئے دستیاب وسائل کو بروئے کار لایا جارہا ہے۔

(جاری ہے)

چیئرمین مارکیٹ کمیٹی میرحفیظ اللہ جتک نے کہا کہ مارکیٹ کمیٹی اپنی دستیاب وسائل میں رہتے ہوئے ماشاخوروں ،زرعی اجناس سے واستہ افراد اناج منڈی اور سبزی فروٹ کمیشن ایجنٹ کاروباری حضرات کو ہرممکن بنیادی سہولیات کو یقینی بنایا ہے ہماری بھرپور کوشش رہی ہے کہ زراعت کے شعبے سے وابستہ افراد کی حوصلہ افزائی کی جائے کیونکہ نصیرآباد کے عوام کادارومدار اسی شعبے سے وابستگی ہے انہوں نے کہا کہ مارکیٹ کمیٹی میں ترقیاتی کاموں پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے اور ہماری بھرپور کوشش ہے کہ مارکیٹ اسکوائر میں تمام ترسہولیات فراہم ہوسکیں۔