تحصیل چھتر میںایف سی نصیرآباد کی جانب سے ہتھیار ڈالنی والے افراد میں راشن اور رقم تقسیم

اتوار 10 دسمبر 2017 20:50

ڈیرہ مراد جمالی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 دسمبر2017ء) تحصیل چھتر میںایف سی نصیرآباد کی جانب سے ہتھیار ڈالنے افراد میں راشن اور رقم تقسیم کی گئی ۔تفصیلات کے مطابق تحصیل چھتر میں گزشتہ سال سے لیکر اب تک ہتھیار ڈالنے والے فراری اہم کمانڈر اور ان کے ساتھیوں میں ایف سی کی جانب سے رقم اور راشن تقسیم کرنے کی تقریب منعقد کی گئی اور دھماکوں میں متاثرہ زخمی افراد کورقم دی گئی ۔

تقریب کی صدرات ایف سی سبی اسکاؤٹ کے کرنل ذوالفقارباجوہ نے کی ۔تقریب میں سیکٹر کمانڈر قذافی ایف سی 87 ونگ نصیرآباد کرنل ہمایوں اسلم،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر بادل خان دشتی،اسٹنٹ کمشنر چھتر غلام حسین بھنگر،ایس ایس پی گلاب شیخ ،ڈی ایس پی سٹی نصیب اللہ خان کھوسہ ، ڈی ایس پی چھترخاوند بخش کھوسہ،ایس ایچ او چھتر غلام حیدر منجھو،ایس ایچ او فلیجی غلام سرور ابڑو،امن فورس کمیٹی چھتر کے سربراہ عبدالمجید شاہ موجود تھے۔

(جاری ہے)

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سیکٹر کمانڈر قذافی ایف سی 87 ونگ نصیرآباد کرنل ہمایوں اسلم نے کہا کے ایف سی ہمہ وقت آپ کے ساتھ ہے جہاں بھی ضرورت پڑی آپ ایف سی کو اپنے ساتھ پائیں گے۔علاقے میں ایف سی کی بدولت امن بحال ہورہا ہے کسی بھی صورت پاکستان کی سرزمین پر آنچ نہیں آنے دیں گے ۔بلوچستان خوشحالی کی جانب گامزن ہورہی ہے۔ فراری کمانڈر اور ان کے ساتھیوں کی جانب سے ہتھیار ڈالنے والے افراد کے بچوں کو تعلیم کے ساتھ ساتھ ہنر دینے کا سلسلہ جاری ہے۔

ان کے بچوں کو تعلیم دلا کر ملک کو ترقی دیں گے۔انہوں نے کہاکہ امن وسلامتی کا راستہ ہی ترقی کا راستہ ہے۔ ایف سی کی طرح پولیس نے بھی قربانیاں دی ہیں۔ آج کے حالات سب کے سامنے ہیں ۔دہشت گردوں کو آخری سانس تک کسی بھی صورت میں نہیں چھوڑیں گے۔