خیبر پختونخوا حکومت نے جنگلات کی ترقی جامع حکمت عملی تیارکرلی

اتوار 10 دسمبر 2017 20:50

پشاور ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 دسمبر2017ء) خیبر پختونخوا حکومت نے جنگلات کی ترقی اور زہریلی گیسوں کے اخراج کو کم کرنے کیلئے اور جنگلات کی ترقی کیلئے جامع حکمت عملی تیار کرلی ہے اس حکمت عملی کو پاکستان فارسٹ انسٹیٹیوٹ پشاور میں فارسٹری پلاننگ اینڈ مانیٹرنگ سرکل محکمہ جنگلات کے زیر اہتمام صوبائی سطح پر منعقد ہونیوالی دو روزہ ورکشاپ کے موقع پر آخری شکل دیدی گئی ۔

ورکشاپ میں سیکرٹری جنگلا ت و ماحولیات نظر حسین شاہ ‘ فارسٹ ملاکنڈ کنزویٹرقاضی مشتاق اورمحکمہ جنگلات کے دیگر حکام سمیت دوسرے ماہرین نے شرکت کی ۔ سیکرٹری نظر حسین شاہ نے کہاکہ ریڈ پلس حکمت عملی کا مقصد جنگلات کا تحفظ ‘ زہریلی گیسوں کے اخراج کو کم کرنا یا روکنا اور جنگلات میں کاربن کے ذخیرے میں اضافہ کرنا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ اقوام متحدہ کے فریم ورک کنونشن برائے ماحولیاتی تبدیلی کا حوالہ دیا جس کے تحت 2013 میں وارسا پولینڈ میں بین الاقوامی ریڈ پلس پروگرام کے لئے قوانین اور قواعد و ضوابط، بنیادی شرائط اور دیگر معیارات کے تحت تمام ترقی پذیر ممالک کے لئے ضروری ہے کہ بین الاقوامی ریڈ پلس پروگرام میں شرکت کے لئے جامع ریڈ پلس حکمت عملی تیار کریں ۔

انہوں نے کہاکہ مذکورہ حکمت عملی تمام سٹیک ہولڈر اور جنگلات سے وابستہ لوگوں کی مشاورت سے بنائی گئی ہے جس سے جنگلات کو بہت فائدہ حاصل ہوگا اب چونکہ خیبرپختونخوا حکومت نے تمام لوازمات پورے کردیے ہیں لہذا وفاقی حکومت صوبے کے کیس کو بین الاقوامی ریڈ پلس پروگرام میںپیش کریں جس سے پاکستان بالخصوص صوبے کو بہت فوائد حاصل ہونگے ۔اس موقع پر ریڈ پلس کنسلٹنٹ عالمگیر گنڈا پور نے کہا کہ ریڈ پلس ایک مرحلہ وار پروگرام ہے جو تین مراحل میں مکمل ہو گا، پہلے مرحلے میںہر ملک اپنے لوگوں کوریڈ پلس کی لازمی تربیت اوراس کی بنیادی لوازمات پورے کرنے ہونگے ‘ جبکہ دوسرے مرحلے میں تجرباتی بنیادوں پر ایک علاقے میں ریڈ پلس پروگرام شروع کرنا ہوگا ۔

اسی طرح تیسرے مرحلے میںریڈ پلس پروگرام پر عمل درآمد کو یقینی بنایاجائیگا۔