مظفر سید کا گمبٹ تالاش روڈ پر تعمیراتی کام کی رفتار تیز کرنے کی ہدایت

اتوار 10 دسمبر 2017 20:50

چکدرہ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 دسمبر2017ء) خیبر پختونخوا کے وزیر خزانہ مظفر سید ایڈوکیٹ نے کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت صوبے کے عوام کو درپیش بنیادی مسائل کے مستقل حل کیلئے ایسے ترقیاتی ایجنڈے پر آگے کی طرف گامزن ہے جن کو پایہ تکمیل تک بھی پہنچایا جا رہا ہے ۔ دیر پائین میں رابطہ سڑکوں کی تعمیر ، پختگی اور کشادگی کے منصوبوں پر کام تیزی کے ساتھ جاری ہے جس سے علاقہ میں ترقی کے ایک نئے دور کا آغاز ہو گا ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوا رکے روز دیر پائین کے علاقے گمبٹ تالاش میں تعمیر ہونے والے سڑک پر جاری کام کا معائنہ کرنے کے موقع پر علاقے کے عوام سے اظہار خیال کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر جماعت اسلامی کی مقامی قیادت ، کارکنان اور علاقہ معززین کی کثیر تعداد موجود تھی ۔

(جاری ہے)

مظفر سید کا کہنا تھا کہ گزشتہ ادوار کے برعکس موجودہ صوبائی حکومت نے دیر پائین میں مواصلات کے منصوبوں پر خاص توجہ دی ہے اور اس سلسلے میں حلقہ پی کے 94لوئیر دیر کے ہر یونین کونسل میں چھوٹے بڑے سڑکوں کی پختگی ، کشادگی اور تعمیر کا کام برق رفتاری کے ساتھ جاری ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ہماری منصوبوں میں کوالٹی کے اعلیٰ معیار کا بھی خاص خیال رکھا جارہا ہے کیونکہ ہم عوام کا پیسہ صرف اور صرف عوام کے فلاح و بہبود کے کاموں پر خرچ کرتے ہیں ۔ صوبائی وزیر نے ہدایت کی کہ گمبٹ تالاش روڈ پر تعمیراتی کام کی رفتار مزید تیز کی جائے تاکہ عوام صوبائی حکومت کے اس منصوبے کی افادیت سے جلد از جلد مستفید ہو سکیں ۔