ڈپٹی کمشنر کوہاٹ کی لاچی اور شکردرہ کے ہسپتالوں پراچانک چھاپے

اتوار 10 دسمبر 2017 20:40

پشاور ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 دسمبر2017ء) ڈپٹی کمشنر کوہاٹ خالد الیاس نے ہفتہ کی شام نئے اپ گریڈڈ ی ٹائپ ہسپتال لاچی اور سول ہسپتال شکردرہ کے اچانک دورے کئے جہاں انہوںنے ڈاکٹروں اور دوسرے عملے کی حاضری چیک کرنے کے علاوہ وارڈز،میڈیسن سٹورز،مشینر، ایکسرے پلانٹس،آپریشن تھیٹراور لیباررٹریوں کابھی دورہ کیا۔اس موقع پر انہوں نے اول الزکر ہسپتال کی 3ماہ سے مسلسل غیر حاضر لیڈی ڈاکٹر انعم کی برطرفی کے لئے ڈی ایچ او کوہاٹ کو 2دن کے اندراندر کیس سیکرٹری صحت کو بھجوانے جبکہ دونوں ہسپتالوں میں رجسٹر میںحاضر ی نہ لگانے والے ڈاکٹروں اور دیگر عملے سے ان دنوں کے تنخواہوں کی کٹوتی کی ہدایت کی۔

انہوں نے واضح کیا کہ آئندہ رجسٹرمیںحاضر ی نہ لگانے والوں کو غیر حاضر تصور کیاجائے گا اور ان کے خلاف حسب قاعدہ سخت کارروائی ہوگی۔

(جاری ہے)

انہوں نے دونوں ہسپتالوں میں ڈیوٹی لسٹ نہ رکھنے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے اسے باقاعدگی سے رکھنے کی تلقین کی۔ڈپٹی کمشنر نے لاچی ہسپتال میں سپیشلسٹ ڈاکٹروں کی عدم تعیناتی کی وجہ سے بے کار پڑی کروڑوں روپے کے مشینری پر افسوس کا اظہا رکرتے ہوئے سپیشلسٹ ڈاکٹروں کی فوری تعیناتی اور دیگر ضروریات پوری کرنے کے لئے چیف سیکرٹری اور سیکرٹری صحت کو رپورٹ بھجوادی۔

انہوں نے مذکورہ دونوں ہسپتالوںکی لیبارٹریوں کو بھی اپ گریڈ کرنے کے لئے متعلقہ حکام کو سفارش کی۔خالد الیاس نے شکردرہ ہسپتال میں غریب مریضوں سے کوہاٹ تک ایمبولینس کا 2ہزار3سو روپے کرایہ لینے کو غیر منصفانہ قرار دیتے ہوئے ڈی ایچ او کو اسے حقیقت پسندانہ بنانے جبکہ ہسپتالوں میں حفظان صحت اورصفائی کی صورتحال پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اسے بہتر کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے اس موقع پر ڈاکٹرزاور دوسرے عملے کے مسائل بھی سنے اور انہیں متعلقہ حکام کے ساتھ اٹھانے کا یقین دلایا۔