چمن، تمام تر دعوئوں کے باوجود حکمران پشتونوں کو درپیش مسائل کے حل میں بری طرح سے ناکام ہوئے ہیں،عوامی نیشنل پارٹی

اتوار 10 دسمبر 2017 20:02

چمن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 10 دسمبر2017ء)عوامی نیشنل پارٹی کے رہنمائوں نے کہا ہے کہ تمام تر دعوئوں اور وعدوں کے باوجود حکمران پشتونوں کو درپیش مسائل کے حل میں بری طرح سے ناکام ہوئے ہیں کیونکہ عوامی مسائل کا حل ان کی ترجیح ہی نہیں پشتون عوام کو اب کھرے اور کھوٹے کی خوب پہچان ہوگئی ہے ،وہ جان گئے ہیں کہ کون پشتواور پشتونولی کے لئے ہرطرح کی مشکلات کا خندہ پیشانی سے مقابلہ کرتے ہوئے قربانیاں دے رہا ہے اور کون ہے جوپشتواور پشتونولی کی آڑ میں اپنی ذات کو اقتدار اور مراعات کا مرکز بنانے میں لگا ہواہے، فخر افغان باچاخان کا قافلہ ہی پشتونوں کا حقیقی قومی قافلہ ہے ، کارکن آج صوبہ بھر میں بیت المقدس کو اسرائیلی دارالحکومت قرار دینے کے امریکی فیصلے کے خلاف احتجاج میں بھرپو رحصہ لیں ۔

(جاری ہے)

اتوار کو ان خیالات کااظہار اے این پی کے صوبائی صدر اصغرخان اچکزئی ، گل باران افغان،سردار وہاب خان ،محمد صادق صدا،محمد غوث ہمدرد،عبدالغفار حسن زئی ،داد محمد حسن زئی و دیگر رہنمائوںنے اتوار کے روز باچاخان مرکز چمن میں تنظیمی اجلاس سے بات چیت اور تورتنگئی حسن زئی میں منعقدہ اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ باچاخان مرکز میں منعقدہ اجلاس میں تنظیمی امور اور آج (پیر کو )پارٹی کے زیراہتمام احتجاج کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا ۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حالیہ اعلان کے خلاف صوبے کے دیگر اضلاع کی طرح چمن شہر میں بھی آج اے این پی کے زیراہتمام احتجاج کیا جائے گاجس کی تمام تیاریاں مکمل ہیں ۔ تورتنگئی حسن زئی میں منعقدہ اجتماع میں عبدالغفار حسن زئی،داد محمد حسن زئی ،عبدالرازق حسن زئی،عبدالکریم حسن زئی،محمد انور ، حاجی مرزا خان کی قیادت میں 50افراد نے اپنے خاندانوں سمیت پشتونخوا میپ سے مستعفی ہو کر عوامی نیشنل پارٹی میں شمولیت کااعلان کیا۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے اے این پی کے صوبائی صدر اصغرخان اچکزئی اور دیگر رہنمائوں نے پارٹی میں شامل ہونے والوں کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ آج پشتون وطن کے جو حالات ہیں وہ ہمارے حکمرانوں کی غلط پالیسیوں کا نتیجہ ہے آج سے نہیں شروع دن سے ہمارے حکمرانوں نے ایسی پالیسیاں بنائیںجن کا فائدہ کسی اور کو سارا نقصان پشتونوں کو اٹھانا پڑافخر افغان باچاخان ، رہبر تحریک خان عبدالولی خان اور ہمارے دیگر اکابرین نے اسی وقت خبر دار کیا تھا کہ آگ اور خون کے کھیل سے ہاتھ نہیں کھینچے گئے تو بہت نقصان ہوگا اب بھی وقت ہے کہ سنجیدگی سے بیٹھ کر حقائق تسلیم کئے جائیں ۔

انہوں نے کہا کہ پشتونوں کو درپیش مسائل کا واحد حل قومی اتحاد اتفاق اور یکجہتی ہے پشتونوں کو ستر سالوں سے مذہب قوم پرستی اور دیگر ناموں سے ورغلایا جاتا رہا ان کے مسائل حل کرنے کی بجائے صرف اقتدار تک رسائی کے لئے ان کا استعمال کیا گیا مگر آج پشتون باشعور ہوچکے ہیں انہیں اچھے برے صحیح غلط اور کھرے کھوٹے کی خوب پہچان ہوچکی ہے وہ جان چکے ہیں کہ حقیقی قیادت کس کی ہے کون عوام کا نام لے کر ذاتی مفادات کے لئے کام کرتا ہے اور کون حقیقی معنوں میں قیادت کا اہل ہے پشتون ا ب جان گئے ہیں کہ کون پشتو اور پشتونولی کے لئے میدان عمل میں موجود رہ کر قربانیاں دے رہا ہے مشکلات کا سامنا کررہا ہے اور کون ہے جو پشتو اور پشتونولی کے نام پر اپنی ذات کو اقتدار اور مراعات کا مرکز بنانے کا خواہاں ہے ان لوگوںنے پشتون اولس سے جتنے بھی وعدے کئے تھے سب بھول گئے اور اب انہیں مراعات اور عہدوں سے آگے کچھ دکھائی نہیں دیتے پشتون عوام جان چکے ہیں کہ پشتونوں کی قیادت کا بار کون اٹھاسکتا ہے اسی لئے وہ جو ق درجوق باچاخان کے قافلے میں شامل ہورہے ہیں جو ہمارے لئے باعث اطمینان ہے انہوںنے کہا کہ امریکہ کی جانب سے یروشلم کو اسرائیلی دارالحکومت تسلیم کرنے کا اقدام بین الاقوامی امن کے لئے تباہ کن نتائج کا حامل ثابت ہوسکتا ہے جس کے خلاف نہ صرف امت مسلمہ بلکہ پوری دنیا کو سر جوڑ کر کوئی لائحہ عمل اختیار کرنا چاہئے امریکی صدر کے اس فیصلے کے خلاف اور فلسطینی بھائیوں سے اظہار یکجہتی کے لئے پارٹی نے احتجاجی شیڈول کا اعلان کیا ہے جس کے تحت آج صوبہ بھر میں احتجاجی مظاہرے ہوں گے اور کل صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں احتجاج کرتے ہوئے یوم سیاہ منایا جائے گا انہوں نے کارکنوں پر زور دیا کہ وہ فلسطینی بھائیوں سے یکجہتی کے لئے ان مظاہروں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں ۔