سری لنکا نے بھارت کو پہلے ون ڈے میں 7 وکٹوں سے شکست دیدی

ہدف کے تعاقب میں سری لنکن ٹیم کا آغاز مایوس کن رہا اور 7 رنز کے مجموعی اسکور پر دانشکا گناتھیلاکا ایک رنز بنا کر آؤٹ ہوئے

اتوار 10 دسمبر 2017 20:00

دھرم شالا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 دسمبر2017ء) سری لنکا نے بھارت کو پہلے ایک روزہ میچ میں 7 وکٹوں سے شکست دے کر 3 میچز پر مشتمل سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کرلی۔ بھارت کے دھرم شالا اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں مہمان ٹیم کے کپتان تھسارا پریرا نے ٹاس جیت کر پہلے روہت شرما الیون کو بیٹنگ کی دعوت دی تو میزبان ٹیم 112 رنز کر پویلین لوٹ گئی۔

ہدف کے تعاقب میں سری لنکن ٹیم کا آغاز مایوس کن رہا اور 7 رنز کے مجموعی اسکور پر دانشکا گناتھیلاکا ایک رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جس کے بعد لہیرو تھرمانے بھی بغیر کوئی رنز بنائے پویلین لوٹے۔ابتدائی 2 کھلاڑیوں کے جلد آؤٹ ہونے کے بعد انجیلو میتھیوز اور اوپل تھرنگا نے تیسری وکٹ پر 46 رنز کی شراکت قائم کی اور ٹیم کا مجموعہ 65 تک پہنچا تو تھرنگا 49 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

(جاری ہے)

چوتھی وکٹ پر میتھیوز اور وکٹ کیپر بلے باز روشن ڈکویلا نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے 113 رنز کا ہدف 20.4 اوورز میں حاصل کیا۔انجیلو میتھیوز 25 اور ڈکویلا 26 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے ،ْبھارت کی جانب سے بھونیشور کمار، جیسپرٹ بھمبرا ار ہاردک پانڈیا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ اس سے قبل سری لنکن بالروں نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے بھارتی کھلاڑیوں کی ایک نہ چلنے دی اور ایک کے بعد ایک بلے باز کو پویلین کی راہ دکھائی۔

بھارتی اوپنر شیکھر دھون سمیت 4 کھلاڑی کھاتا کھولے بغیر آؤٹ ہوئے جبکہ 7 کھلاڑی ڈبل فیگر میں بھی شامل نہ ہوسکے اور پوری ٹیم 112 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ کھیل کے دوران ایک موقع پر محض 29 رنز پر 7 بھارتی کھلاڑی پویلین لوٹ چکے تھے اور ایسے میں سابق کپتان دھونی نے 65 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی، کلدیپ یادیو 19 اور ہاردک پانڈیا 10 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔سری لنکا کی جانب سے سرنگا لکمل نے شاندار بالنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ نوائن پرادیپ نے 2، انجیلو میتھیوز، تھسارا پریرا، اکیلا دننجایا اور سچت پتھیرانا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔یاد رہے کہ اس سے قبل 3 ٹیسٹ میچز کی سیریز میں بھارت نے سری لنکا کو 0-1 سے شکست دی تھی۔

متعلقہ عنوان :