پاکستان سپر لیگ کا فائنل کراچی میں منعقد ہونا چاہئے ، کراچی کرکٹ کے دیوانوں کا شہر ہے ،ْمیئر کراچی وسیم اختر

کھیل کے میدانوں، پارکوں اور تفریحی مقامات پر تجاوزات اور قبضہ کسی بھی صورت میں قابل قبول نہیں، انہیں ہر صورت میں ختم کریں گے

اتوار 10 دسمبر 2017 20:00

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 دسمبر2017ء) میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ پاکستان سپر لیگ کا فائنل کراچی میں منعقد ہونا چاہئے ، کراچی کرکٹ کے دیوانوں کا شہر ہے اور اس شہر نے دنیا کے مایہ ناز کرکٹر پیدا کئے ہیں، کھیل کے میدانوں، پارکوں اور تفریحی مقامات پر تجاوزات اور قبضہ کسی بھی صورت میں قابل قبول نہیں، انہیں ہر صورت میں ختم کریں گے اور انہیں شہریوں کے حوالے کریں گے تاکہ کراچی سے ایک بار پھر باصلاحیت کھلاڑی پیدا ہوں اور ملک و قوم کا نام روشن کریں، یہ بات انہوں نے نارتھ ناظم آباد بلاک۔

(جاری ہے)

N، کاکا گرائونڈ کی تزئین و آرائش کے بعد اس کا باقاعدہ افتتاح کرتے ہوئے کہی، اس موقع پر ممبر صوبائی اسمبلی جمال احمد، ڈسٹر کٹ میونسپل کارپوریشن سینٹرل کے چیئرمین ریحان ہاشمی، قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد ، ورکس کمیٹی کے چیئرمین حسن نقوی، فنانس کمیٹی کے چیئرمین ندیم ہدایت ہاشمی، حنیف سورتی، محمد مرسلین، دیگر منتخب نمائندے اور افسران بھی موجود تھے، میئر کراچی نے سرفراز احمد کے ہمراہ تختی کی نقاب کشائی کرکے کرکٹ گرائونڈ کا افتتاح کیا اور تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کراچی کے میدانوں پر لینڈ مافیا نے قبضے کرکے انہیں تباہ و برباد کردیا جس کے باعث کراچی میں نوجوانوں کو کھیلنے کے مواقع کم ہوتے چلے گئے، میئر کراچی نے کہا کہ کراچی پر بے دردی سے قبضہ کیا گیا اور تجاوزات کی بھرمار کردی گئی، اب ہم کراچی کو بہتری کی طرف لے جا رہے ہیں جس میں ہمیں شہریوں کا بھرپور تعاون درکار ہے، میئر کراچی نے کہا کہ 2کروڑ روپے کی لاگت سے کاکا گرائونڈ کی تزئین و آرائش کی گئی ہے جبکہ مزید 3 کروڑ روپے کی لاگت سے جمنازم اور ایڈمنسٹریشن بلاک بنائے جائیں گے جبکہ سرچ لائٹس اور عالمی سطح کی پچ بھی تیار کی جائے گی، انہوں نے کہاکہ کرکٹ گرائونڈ تیار کرکے کپتان سرفراز احمد کے حوالے کریں گے تاکہ وہ اس میدان میں نوجوانوں کی تربیت کریں،انہوں نے کہا کہ سرفراز احمد پاکستان اور کراچی کا فخر ہیں اور آئندہ دنوں نیوزی لینڈ میں کھیلی جانے والی سیریز میں ہمیں ان سے توقعات وابستہ ہیں، قومی کرکٹ کے کپتان سرفراز احمد نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اسی میدان سے اپنے کھیلنے کا آغاز کیا اور یہ میرا ہوم گرائونڈ ہے مجھے اس کی بربادی پر دکھ تھا لیکن آج اسے دوبارہ آباد دیکھ کر خوشی ہورہی ہے انہوں نے کہا کہ کراچی میں بہت ٹیلنٹ ہے مواقع اور سہولتیں میسر ہوں تو تاریخ ساز کھلاڑی یہاں سے پیدا ہوسکتے ہیں، ڈسٹرکٹ میونسپل کارپوریشن سینٹرل کے چیئرمین ریحان ہاشمی نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ہمیں حکومت سندھ سے کسی بھی مد میں کوئی فنڈ نہیں ملا لیکن ہم اپنے لوگوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور ان کی بہتری کے لئے کام کرتے رہیں گے انہوں نے کہا کہ ضلع وسطی نے ہمیشہ قومی سطح کے کھلاڑی پیداکئے ہیں اور آئندہ بھی ہم کھیلوں کی سرگرمیوں کی سرپرستی کرتے رہیں گے، اس موقع پر عارف شاہ اور دیگر نے بھی تقریب سے خطاب کیا۔