عمران خاں ، زرداری ، شیخ رشید اور ٹانگے کی سواری چوہدری برادران سن لیں انکی ہر سازش کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے ‘رانا تنویر حسین

حکومت اپنے پانچ سال پورے کرے گی 2018 ء کے انتخابات میں عوام کی عدالت میں کارکردگی لیکر جائیں گے ،تمام کو شکست دینگے ‘وفاقی وزیر دفاعی پیداوار

اتوار 10 دسمبر 2017 19:10

مریدکے (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 دسمبر2017ء) وفاقی وزیر دفاعی پیداوار ، سائنس و ٹیکنالوجی رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ عمران خان اور زرداری اقتدار حاصل کرنے کیلئے جمہوریت دشمن قوتیں تو دور کی بات ملک دشمن قوتوں کا بھی سہارا لینا پڑے تو لیں گے مگر ان کی خواہش عوام کبھی پوری نہیں ہونے دے گی ،دھرنوں، جلسوں ، جلوسوں کے ذریعے پہلے پاکستان کی خوشحالی روکنے کی سازش کی گئی پھر خفیہ ہاتھوں کے ذریعے سازشی ٹولہ نے میاں نواز شریف کو نا اہل کرایا اور معاشی طور پر ایشیاء کا ٹائیگر بننے جانے وال ٹرین کو روکا گیا ،سی پیک کو نقصان پہنچانے اور جمہوریت کو ڈی ریل کرنے کی سازشیں عروج پر ہیں عمران خان اس کے سب سے بڑے کھلاڑی ہیں ۔

مریدکے میں سابق سول جج رانا محمد شبیر ، تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال کے سینئر میڈیکل آفیسر ڈاکٹر محمد بن شبیر کے بھائی اور سابق ڈی ایس پی رانا فضل الہیٰ اور مرزا عظمت علی کے بھتیجے انجینئر محمد قاسم کی شادی کی تقریب میں مسلم لیگ (ن) کے صوبائی رہنما حاجی رانا محرم علی ، سابق سٹی ناظم محمد ریاض خاں کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا دھرنوں، جلسوں ، جلوسوں کے ذریعے پہلے پاکستان کی خوشحالی روکنے کی سازش کی گئی پھر خفیہ ہاتھوں کے ذریعے سازشی ٹولہ نے میاں نواز شریف کو نا اہل کرایا اور معاشی طور پر ایشیاء کا ٹائیگر بننے جانے وال ٹرین کو روکا گیا ،سی پیک کو نقصان پہنچانے اور جمہوریت کو ڈی ریل کرنے کی سازشیں عروج پر ہیں عمران خان اس کے سب سے بڑے کھلاڑی ہیں جبکہ آصف علی زرداری اپنی پارٹی کا بیڑہ غرق کرنے کے بعد اب جمہوریت اور معیشت کو نقصان پہنچانے میدان میں آگیا ہے طاہر القادری کا کندہ استعمال کرنے اور مذہب کے نام پر عوام کو دھوکہ دینے میں مصروف ہیں قوم ان لوگوں کو جان چکی ہے انکا ایجنڈا جمہوریت یا عوام نہیں انکا ایجنڈا میاں نواز شریف اور پاکستان کو نقصان پہنچانا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا عمران خاں ، زرداری ، شیخ رشید اور ٹانگے کی سواری چوہدری برادران سن لیں انکی ہر سازش کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے اور حکومت اپنے پانچ سال پورے کرے گی 2018 کے انتخابات میں عوام کی عدالت میں کارکردگی لیکر جائیں گے اور ان تمام کو شکست دیں گے ۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا بھارت کو واضح پیغام دینا چاہتے ہیں کہ سرحدوں پر خلاف ورزی کا سلسلہ بند نہ کیا تو تباہی اس کا مقدر بن سکتی ہے کشمیری عوام کو حق خود ارادیت دیئے بغیر خطہ میں امن نا ممکن ہے پاکستان کی فوج اور عوام بھارت کو بھر پور جواب دینے کی صلاحیت رکھتی ہے ہماری امن پالیسی کو بھارت اگر کمزوری سمجھے تو اسکی تاریخی بھول ہو گی کیونکہ آج کا پاکستان مضبوط پاکستان ہے ۔

انہوں نے کہا بھارت افغانستان کے راستے بلوچستان میں بد امنی پھیلانے میں شامل ہے اقوام عالم نے شواہد کے باوجود اس کا نوٹس نہ لیا تو اس کی ذمہ دار بھی اقوام عالم ہونگے کیونکہ پاکستان امن پسند ملک ہے اور اسکی وجہ سے خطہ میں امن ہے وگرنہ امن کو خراب کرنے میں بھارت نے کوئی کسر نہیں چھوڑی ۔