افغانستان بارودی سرنگ کے دھماکے میں مقامی پولیس چیف ہلاک ، 4اہلکاروں سمیت 5افراد زخمی

طالبان نے 2شہریوں کو پھانسی دیدی، امریکی فوج نے ہلمند میں طالبان کی منشیات لیباٹریز پر ایم 142آرٹلری سسٹم کے ذریعے کی گئی کاروائی کی ویڈیو جاری کردی

اتوار 10 دسمبر 2017 18:21

کابل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 10 دسمبر2017ء) افغانستان میں بارودی سرنگ کے دھماکے میں مقامی پولیس چیف ہلاک اور 4اہلکاروں سمیت 5افراد زخمی ہوگئے جبکہ طالبان نے 2شہریوں کو پھانسی دیدی،ادھر امریکی فوج نے جنوبی صوبہ ہلمند میں طالبان کی منشیات لیباٹریز پر ایم 142آرٹلری سسٹم کے ذریعے کی گئی کاروائی کی ویڈیو جاری کردی۔اتوار کو افغان میڈیا کے مطابق مشرقی صوبہ ننگرہا رمیں بارودی سرنگ کے دھماکے میںمقامی پولیس کمانڈر ہلاک اور 5 زخمی ہوگئے ۔

ایک مقامی سرکاری عہدیدار نے تصدیق کی ہے کہ سڑک کنارے نصب بارودی سرنگ کے دھماکے میں ضلع کھوگیانی میں مقامی پولیس کمانڈر حبیب الرحمان ہلاک ہوگئے ۔دھماکے میں 4دیگر پولیس اہلکار اور ایک شہری زخمی ہوگیا۔صوبائی گورنر کے ترجمان عطاللہ کھوگیانی کا کہنا ہے کہ واقعہ ضلع کھوگیانی میں پیش آیا ۔

(جاری ہے)

زخمیوں کو فوری طور پر قریبی ہسپتال منتقل کردیا گیا جہاں دو افراد کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے ۔

ترجمان نے مزید کوئی تفصیلات فراہم نہیں کی۔دوسری جانب طالبان سمیت کسی بھی گروپ نے تاحال واقعے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے ۔ادھر ننگرہار میںطالبان نے 2شہریوں کو پھانسی دیدی۔واقعہ ضلع شیرزاد میں پیش آیا۔صوبائی گورنر کے میڈیا آفس سے جاری بیان میں واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ دو شہریوں کو طالبان نے قتل کیا۔بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ مارے جانے والے افراد کا حکومت سے کوئی تعلق نہیں تھا۔

دوسری جانب افغانستان میں امریکی فوج نے ایک تازہ ترین ویڈیو جاری کی ہے جس میں جنوبی صوبہ ہلمند میں طالبان کی منشیات لیباٹریز پر ایم 142آرٹلری سسٹم کے ذریعے کی گئی کاروائی دکھائی گئی ہے ۔امریکی فوجی حکام کا کہنا ہے کہ اے ایم 142ہائی موبلٹی آرٹلری راکٹ سسٹم (ہیمارس) نے 8دسمبر کو طالبان کی ہلمند میں منشیات کی لیباٹریز کے خلاف کاروائی کی ۔