پاکستان پیپلز پارٹی کا حلقہ بندیوں کے بل کی منظوری کیلئے مشروط آمادگی کا اظہار

حلقہ بندیوں کا بل پیر سے ہونے والے سینیٹ اجلاس میں منظور کیے جانے کا امکان بل کے تحت نئی حلقہ بندیوں کا اطلاق صرف اگلے ایک الیکشن پر ہوگا ،ْ پیپلز پارٹی کی شرط

اتوار 10 دسمبر 2017 17:50

پاکستان پیپلز پارٹی کا حلقہ بندیوں کے بل کی منظوری کیلئے مشروط آمادگی ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 دسمبر2017ء) حکومت اور پیپلز پارٹی کے درمیان حلقہ بندیوں کے بل کی سینیٹ سے منظور پر بیک ڈور ڈپلومیسی کامیاب ہوگئی اور پیپلز پارٹی نے بل کی منظوری کے لئے مشروط آمادگی کا اظہار کیا ہے۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق سینٹ کا اجلاس (آج )پیر کو چیئر مین سینٹ رضا ربانی کی زیر صدارت پارلیمنٹ ہائوس میں ہوگا حلقہ بندیوں کا بل پیر سے ہونے والے سینیٹ اجلاس میں منظور کیے جانے کا امکان ہے جبکہ اس حوالے سے حکومت اور پیپلز پارٹی کے درمیان معاملات طے پاگئے اور پیپلز پارٹی نے بل کی منظوری کے لئے مشروط آمادگی کا اظہار کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق پیپلزپارٹی کی شرائط میں شامل ہے کہ بل این ایف سی ایوارڈ میں صوبوں کو وسائل کی تقسیم پر اثرانداز نہیں ہوگا جبکہ بل مشترکہ مفادات کونسل کی کسی سفارشات پر بھی اثر انداز نہیں ہوگا۔پیپلز پارٹی کی شرائط میں یہ بھی شامل ہے کہ بل کے تحت نئی حلقہ بندیوں کا اطلاق صرف اگلے ایک الیکشن پر ہوگا۔ذرائع کے مطابق مردم شماری کی حتمی رپورٹ اپریل میں آنے کا امکان ہے اور مردم شماری کی حتمی رپورٹ آنے پر حلقہ بندیوں کے بل کادوبارہ جائزہ لیا جائے گا۔