حکومت سپیشل بچوں کے مسائل حل کرنے کے لیے ممکنہ اقدامات کر رہی ہے،فاضل چیمہ

اتوار 10 دسمبر 2017 17:50

سرگودھا۔10 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 دسمبر2017ء)ڈائریکٹر سپیشل ایجوکیشن پنجاب فاضل چیمہ نے کہا ہے کہ حکومت سپیشل بچوں کے مسائل حل کرنے کے لیے ممکنہ اقدامات کر رہی ہے ۔ کڑے امتحان سے گزرنے والے سپیشل بچوں کی طرف خصوصی توجہ کی جارہی ہے ۔ سپیشل بچوں کو گداگری اور معاشرتی برائیوں سے بچانے کے لیے اور انھیں مستقبل کا اہم شہری بنانے کے لیے معاشرے کے تمام طبقات کو اپنی ذمہ داریاں ادا کرنی چاہئیں ۔

اُنھوںنے اِن خیالات کا اظہار گورنمنٹ سیکنڈری سکول برائے بہرے و متاثرہ سماعت گرلز سرگودھامیں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ممبر صوبائی اسمبلی ڈاکٹر نادیہ عزیز ، ڈی او سپیشل ایجوکیشن شاہد مختار ، ڈاکٹر ہارون الرشید تبسم ، حاجی محمد نواز واہلہ ، ثروت نواز، سید حسن شاہ ، سلمان خالداور دیگر معززین نے بھی اظہار خیال کیا۔

(جاری ہے)

فاضل چیمہ نے مزید کہا کہ سپیشل بچوں کی تعلیم و تربیت صدقہٴ جاریہ ہے ۔ر کن صوبائی اسمبلی ڈاکٹر نادیہ عزیز نے کہا کہ وزیرِ اعلیٰ پنجاب تعلیم کی طرف خاص توجہ دے رہے ہیں۔ڈاکٹر ہارون الرشید تبسم نے کہا کہ سپیشل بچے صلاحیتوں کے اعتبار سے کسی طرح بھی ہم سے کم تر نہیں ہیں۔ ڈی او ، شاہد مختار نے کہا کہ ضلع سرگودھا میں سپیشل بچوں نے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا لیا ہے ۔

درس و تدریس کے علاوہ مختلف فنون میں اِن بچوں کی کارگزاری ہم سب کے لیے قابلِ تقلید ہے ۔ ادارہ کی پرنسپل محترمہ ثروت نواز نے کہا کہ نوزائیدہ تعلیمی ادارہ لاتعداد مسائل کے باوجود اپنے پائوں پر کھڑا ہو چکا ہے ۔ مرکز سے دور ہونے کے باوجود یہاں کے بچوں میں تعلیمی ذوق قابلِ تعریف ہے ۔ اساتذہ کی کمی دور کر کے مزید بہتر نتائج حاصل ہو سکیں گے۔

سکول ایس ایم سی کے صدر سید حسن شاہ نے کہا کہ مخیر حضرات کو سپیشل بچوں کی طرف رجوع کرنا چاہیے ۔ یہ بچے ہمارا مستقبل ہیں۔ حاجی محمد نواز واہلہ نے 25ہزار جب کہ حاجی محمد حسین نے 10ہزار روپے عطیے کا اعلان کیا۔ ڈاکٹر نادیہ عزیز نے سکول میں جھولے لگوانے کا اعلان کیا۔ ابنِ رشد اور سلو لرنر ز سکول کے بچوں نے بھی اس ادارہ میں مختلف پروگرام پیش کیے۔ فارغ التحصیل طالبات آمنہ فاطمہ، قرة العین ، شانزہ ظفر، انیتا شہزادی ، انعم طارق، مبین رزاق اور سعدیہ رسول کو اسناد دی گئیں۔ سماعت سے محروم بچوںنے وطن کے گیت پیش کیے اور بہترین ٹیبلو پیش کر کے بے پناہ داد حاصل کی۔ تقریب میں طالبات اور والدین کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔