راولپنڈی ریلوے پولیس نے کروڑوں روپے مالیت کی اراضی واگذار کرا لی

ریلوے انتظامیہ کی نشاندہی پر ڈویژن بھر میں ناجائز قابضین کے خلاف گرینڈ آپریشن کیا گیا

اتوار 10 دسمبر 2017 16:50

راولپنڈی 10دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 دسمبر2017ء) راولپنڈی ریلوے پولیس نے تجاوزات کے خلاف کارروائی کے دوران کروڑوں روپے مالیت کی اراضی واگذار کرا لی ۔ریلوے پولیس نے راولپنڈی ڈویژن میں تجاوزات مافیا کے خلاف ریلوے انتظامیہ کی نشاندہی پرگرینڈ آپریشن کے دوران ناجائز قابضین سے ریلوے کی قیمتی اراضی واگذار کرائی ۔ذرائع نے اے پی پی کو بتایاکہ ریلوے پولیس نے راولپنڈی ڈویژن میں گذشتہ چھ ماہ کے دوران مجموعی طور پر تقریباً8,27,73,307روپے مالیت کی اراضی واگذار کرائی۔

ریلوے اراضی پر ناجائز قابضین کے خلاف گرینڈ آپریشن کے دوران ریلوے پولیس کو شدید مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا تاہم ریلوے پولیس کے جوانوں نے مزاحمت کی کوششوں کو ناکام بناتے ہوئے ریلوے کی قیمتی اراضی قبضہ مافیا سے واگذار کراتے ہوئے ریلوے انتظامیہ کے حوالے کر دی ۔

(جاری ہے)

ذرائع کاکہنا ہے کہ ریلوے کی قیمتی اراضی پر براجمان قبضہ مافیا کی وجہ سے ریلوے کو کروڑوں روپے کا نقصان برداشت کرنا پڑ رہا تھا۔

ذرائع نے اے پی پی کو بتایاکہ اس عرصہ میں راولپنڈی ڈویژن میں ریلوے کی اراضی پر ناجائز قابضین کے خلاف مجموعی طور پر 51مقدمات قائم کیے گئے تاکہ ان کیخلاف قانونی کارروائی کر کے انہیں سخت سزائیں دی جا سکیں اور آئندہ کے لیے قبضہ مافیا کی حوصلہ شکنی ہو ۔دریں اثناء ایس پی راولپنڈی ریلوے پولیس ریاض احمد بوسال نے اے پی پی سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ ریلوے انتظامیہ جن مقامات کی نشاندہی کرتی ہے ان مقامات کو قبضہ مافیا سے واگذار کرانے کے لیے ریلوے پولیس اپنے محدود وسائل کے باوجود بھرپور انداز میں کارروائی کرتی ہے ۔انہوں نے کہاکہ ریلوے اراضی پر قائم ہر قسم کی تجاوزات کے خاتمے کے لیے بلاامتیاز کارروائی کی جائے گی اور اس ضمن میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی ۔

متعلقہ عنوان :