صوبائی وزیر کو آپریٹو کی زیر صدارت اجلاس ،ْ بہاولپور ڈویژن بھر میں ترقیاتی سکیموں کا جائزہ لیا

سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت بہاولپور ڈویژن میں 781 ترقیاتی سکیموں پر 78/ارب 64کروڑ اور 80لاکھ روپے خرچ کئے جائینگے

اتوار 10 دسمبر 2017 16:20

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 دسمبر2017ء) صوبا ئی وزیر محمد اقبال چنڑ نے بہاولپور ڈویژن بھر میں ترقیاتی سکیموں کا جائزہ اجلاس سے خطا ب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ضلع بہا ولپور میں مجموعی طور پر 848سکیموں پر کام جاری ہیں۔جن میں NA-183کی 75سکیمیں، NA-184کی 120سکیمیں، NA-185کی 68سکیمیں، PP-276کی 20ترقیاتی سکیمیں شامل ہیں۔ جن میں سے 359سکیمیں مکمل کی جا چکی ہیں جبکہ 489سکیمیں تیزی سے زیر تکمیل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ صوبائی سالانہ ترقیاتی پروگرام 2017-18 ء کے تحت بہاولپور ڈویژن کی 781 ترقیاتی سکیموں پر 78/ارب 64کروڑ اور 80لاکھ روپے خرچ کئے جائیں گے۔ انہوں نے 557 نئی اور 224 پہلے سے جاری اسکیموں کا جائزہ لیتے ہوئے انتظامیہ کو بہاولپور شہر میں ٹریفک سگنلز کی تنصیب میں بہتری لانے کی سختی سے ہدایت کی۔

(جاری ہے)

انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ سگنلز کے ڈیزائن میں جلد سے جلد بہتری لائی جائے تاکہ عوام کو درپیش ٹریفک کے مسائل کا سدباب کیا جا سکے۔

محکمہ ہائی وے کی 262نئی سکیموں اور پہلے سے جاری 62 سکیموں اور محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کی 157 اسکیموں کا بھی جائزہ لیا گیا جن میں59 پہلے سے جاری اسکیمیں اور 98 نئی اسکیمیں شامل ہیں۔ اسی طرح سکول ایجوکیشن کی نئی 54 اور پہلے سے جاری 3 اسکیمیں، ہائر ایجوکیشن کی 13 پہلے سے جاری اسکیمیں اور 4 نئی اسکیمیں محکمہ اسپیشل ایجوکیشن کی 3جاری اور 5 نئی اسکیمیں، محکمہ ہیلتھ کی کل 13 جن میں 10جاری اور 3 نئی اسکیمیں شامل ہیں۔ چولستان ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی کل 49 اسکیمیں جن میں 4 جاری اور 45 نئی اسکیمیں، بہاولپور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی 5 اسکیمیں جن میں 2 جاری اور 3 نئی اسکیمیں، محکمہ جنگلات کی 4 جاری اور 2 نئی اسکیمیں، محکمہ آبپاشی کی کل 15 جن میں 12 جاری اور 3 نئی اسکیموں کا جائزہ لیا گیا۔