پاکستان کی ترقی و خوشحالی کا سفر 2018کے بعد بھی نواز شریف کی قیادت میں جاری رہے گا ، گذشتہ چار سالوں میں ہونے والے ترقیاتی کاموں کی ماضی میں کوئی مثال نہیں ملتی، نواز شریف نے پاکستان کو صف اول کا ترقی یافتہ ملک بنانے کی مضبوط بنیاد فراہم کر دی ، سی پیک منصوبہ نہ صرف پاکستان کی معیشت کو ناقابل تسخیر بنانے میں مدد گار ثابت ہو گا بلکہ اس سے پاکستان کے طول و عرض میں ترقی و خوشحالی کے نئے دور کا اغاز ہو گا

وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان چوہدری محمد برجیس طاہر کا بیان

اتوار 10 دسمبر 2017 16:01

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 10 دسمبر2017ء) وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان چوہدری محمد برجیس طاہر نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ پاکستان کی ترقی و خوشحالی کا سفر 2018؁کے بعد بھی محمد نواز شریف کی قیادت میں جاری رہے گا ۔انہوں نے کہا کہ گذشتہ چار سالوں میں ہونے والے ترقیاتی کاموں کی ماضی میں کوئی مثال نہیں ملتی اور محمد نواز شریف نے پاکستان کو صف اول کا ترقی یافتہ ملک بنانے کی مضبوط بنیاد فراہم کر دی ہے۔

انہوں نے کہا کہ محمد نواز شریف کے وژن کے مطابق سی پیک منصوبہ نہ صرف پاکستان کی معیشت کو ناقابل تسخیر بنانے میں مدد گار ثابت ہو گا بلکہ اس سے پاکستان کے طول و عرض میں ترقی و خوشحالی کے نئے دور کا اغاز ہو گا ۔انہوں نے کہا کہ گذشتہ چار سالوں میں پاکستان کو در پیش دہشت گردی اور توانائی بحران جیسے چیلنجرز پر قابو پانے کے بعد اب ان کامیابیوں کو مستحکم کرنے کی اشد ضرورت ہے جس کے لئے ملک میں سیاسی استحکام نا گزیر ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان کو معاشی و دفاعی لحاظ سے ناقابل تسخیر بنانے والے قائد محمد نواز شریف کے خلاف مخالفین کی سازشیں درحقیقت پاکستان کو ترقی و خوشحالی کے راستے سے ڈی ریل کرنے کے مترادف ہیں ۔انہوں نے کہا کہ آج پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے مخالف عناصر نواز شریف اور ان کے خاندان کو سیاست سے بے دخل کرنے کے لیے متحد ہو رہے ہیں انہوں نے کہا کہ ان سازشی عناصر کو اس حقیقت کا علم ہے کہ نواز شریف کو راستے سے ہٹاے بغیر وہ اپنے مزموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہو سکتے ۔

انہوں نے کہا کہ جیسے جیسے نواز شریف اور ان کے خاندان کے خلاف سازشوں اور مفاد پرست اتحادوں میں اضافہ ہورہا ہے ایسے ایسے محمد نواز شریف کی جڑیں عوام میں اور بھی زیادہ گہری اور مضبوط ہو رہی ہیں انہوں نے کہا کہ آج کے عوام سیاسی لحاظ سے باشعور ہو چکے ہیں اور وہ جانتے ہیں کہ ان مفاد پرست اتحادوں کا محض مقصد اقتدار تک رسائی حاصل کر کے پاکستان کو ترقی کے راستے سے روکنا ہے اور اس کو پھر 2013 سے قبل والے دور میں لے کر جانا ہے ، انہوں نے کہا کہ عوام ان مفاد پرستوں کے کردار سے واقف ہیں اور عوام ان سیاسی مفاد پرستوں اور شوبازوں کی باتوں میں ہرگز نہ آہیں گے ۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی حکومت2013 سے ہی دھرنوں اور سازشوں کا سامنا اورمقابلہ کر رہی ہے،انہیں نے کہا کہ حکومت مخالفین کی تمام تر کوششوں اور سازشوں کے باوجود اپنی معینہ مدت پوری کرے گی اور اسی میں ہی پاکستان اور جمہوریت کی فتح ہے