قوم اپنے شہداء کی ان قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کریگی‘رہنماء مسلم کانفرنس

دشمن نے اگر پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے بھی دیکھا تو پاک فوج کے شانہ بشانہ دشمن کے مکروہ عزائم خاک میں ملانے کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے

اتوار 10 دسمبر 2017 15:40

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 دسمبر2017ء) آل جموں وکشمیر مسلم کانفرنس مظفرآباد ڈویژن کے زیر اہتمام مسلح افواج پاکستان کے ساتھ یوم یکجہتی کے سلسلہ میں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا۔تقریب میں سابق وزیر حکومت پیر سید غلام مرتضی گیلانی،دیوان علی خان چغائی،شمیم علی ملک،راجہ ثاقب مجید،میر عتیق الرحمن،مفتی منصورالرحمن،خواجہ محمد شفیق،انصر پیرزادہ،اظہر گیلانی،سمعیہ ساجد راجہ،شیخ مقصود احمد،میر امتیاز،سجاد انور عباسی،بشارت مغل،مشتاق قریشی،سید غلام مصطفی شاہ نقوی،اعجاز عباسی،نسرین اختر راجہ،تاج چک،میر رضوان الرحمن ایڈووکیٹ،ہارون آزاد،عاصم نقوی،عرفان جاوید عباسی ایڈووکیٹ،بشریٰ تبسم ایڈووکیٹ،سید امجد شاہ ایڈووکیٹ،راجہ ولید عبداللہ،خواجہ نعمان عزیز،شیخ خورشید،سلیم اعوان،تصور موسوی،وحید مغل،قذافی الطاف،راجہ احسان حیدر،عاقب سفیرایڈووکیٹ،حاجی اشرف ایڈووکیٹ،دائود عباسی ایڈووکیٹ،ایم ایس ایف یوتھ ونگ اور دیگر کارکنوں نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

تقریب سے مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صدرمسلم کانفرنس کی ہدایت پر حسب روایت مسلم کانفرنس 10دسمبر کو مسلح افواج پاکستان کے ساتھ یوم یکجہتی مناتی ہے،یہ دن سیاہ چین کے گیاری سیکٹر پر برفانی تودے کے نیچے شہید ہونے والے فوجی جوانوں کے ساتھ یکجہتی کیلئے ہر سال منایا جاتا ہے،یہ دن مسلم کانفرنس کے دستور کا حصہ بن چکا ہے۔انہوں نے کہا کہ افواج پاکستان سرحدوں کی محافظ ہے،دشمن نے اگر پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے بھی دیکھا تو پاک فوج کے شانہ بشانہ دشمن کے مکروہ عزائم خاک میں ملانے کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ جس طرح لائن آف کنٹرول پر بھارت نے حالات کشیدہ کرنے کی کوشش کی تو پاک فوج نے دشمن کے چھکے چھڑا دیئے اور وطن کی خاطر شہید ہونے والے پاک فوج کے جوانوں کو خراچ عقیدت پیش کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاک فوج سے کشمیریوں کی امیدیں وابستہ ہیں،افواج پاکستان سے یکجہتی کا پروگرام اس نظام کا حصہ ہے،کشمیر کی آزادی اور پاکستان کا دفاع مسلم کانفرنس کی بنیادی ترجیحات ہے۔

مسلم کانفرنس اور مسلح افواج لازم وملزوم ہے۔ملک کی جغرافیائی سرحدوں کے تحفظ اندورنی استحکام کیلئے مسلح افواج پاکستان کو سلام پیش کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مادر وطن کے لیے جانوں کا نظرانہ پیش کرنے والے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں،فوج افسروں اور جوانوں نے مادر وطن کے دفاع اور اسے دہشتگردی سے پاک کرنے کیلئے جو قربانیاں دی ہیں۔

قوم اپنے شہداء کی ان قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کریگی۔مقررین نے کہا کہ پوری قوم مسلح افواج کی قربانیوں کا اعتراف کرتی ہے اور سلام پیش کرتی ہے۔مضبوط ومستحکم اور دہشتگردی سے پاک پاکستان کے لیے آپریشن ضرب عضب،ردالفساد خیبر بہترین کارہائے نمایاں ہیں۔ہمیں اپنی بہادر مسلح افواج پر اعتماد ہے اور یقین ہے کہ وہ مشکل وقت میں کسی بڑی سے بڑی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ مضبوط دفاع کے لیے پاک فوج کے بغیر تصور نہیں کیا جا سکتا،جنگ ہو یا امن،سیلاب ہو زلزلہ ہر متاثرہ افراد کی نظریں پاک فوج کی طرف ہی لگی رہتی ہیں۔مقررین نے مزید کہا کہ مسلم کانفرنس کے کارکن اور قیادت ہر محاذ پر پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔افواج پاکستان جس پر اندرونی اور بیرونی دبائو ڈالنے کی جو کوشش ہو رہی ہے اس مشکل گھڑی میں مسلم کانفرنس ماضی کی طرح آج بھی افواج پاکستان کے ساتھ ہے،ملک جس دہشتگردی اور افراتفری کا شکار ہے اس میں افواج پاکستان کی قیادت میں جس دانشمندی اور حکمت عملی سے جمہوریت اور مملکت کی نظریاتی جغرافیائی سرحدوں کی حفاظت کی ہے اس پر پوری قوم اس کو سلام پیش کرتی ہے۔

آخری میں گیاری سیکٹر میں برفانی تودے کے تلے تب کے شہید ہونے والوں اور سلالہ چیک پوسٹ پر امریکی ڈرون حملے میں شہید ہوانے والے فوجی جوانوں کے لیے دعائے مغفرت کی گئی۔

متعلقہ عنوان :