رسول کریمﷺ اور شیخین رضی اللہ عنہما پر سلام پیش کرنے کے مقام تک جانے والی نئی گزرگاہ تیار

نئی گزرگاہ کا مقصد زائرین کے مسجد نبوی میں حاضر ہونے اور سلام پیش کرنے کے عمل کو آسان بنانا ہے،حکام

اتوار 10 دسمبر 2017 15:40

مدینہ منورہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 دسمبر2017ء)مدینہ منورہ میں مسجد نبوی کے امور کی جنرل پریذیڈنسی نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم اور شیخین رضی اللہ عنہما پر سلام پیش کرنے کے مقام تک جانے والی گزرگاہ کو تیار کر لیا ہے۔ اس اقدام کا مقصد یہ ہے کہ حالیہ دنوں میں مسجد نبوی میں رش کے دوران زائرین آسانی کے ساتھ نمازیوں کے لیے تنگی کے بغیر سلام پیش کرنے کے لیے حاضر ہو سکیں۔

(جاری ہے)

میڈیارپورٹس کے مطابق یہ پیش رفت مملکت کی قیادت کی جانب سے اٴْن ہدایات کی ایک کڑی ہے جن کا مقصد زائرین کے مسجد نبوی میں حاضر ہونے اور سلام پیش کرنے کے عمل کو آسان بنانا ہے۔اس مرتبہ نمازِ جمعہ کی امامت ریاض الجنہ میں محرابِ رسول صلی اللہ علیہ وسلم سے کی گئی۔ شیخ عبداللہ البعیجان نے محراب نبوی سے نماز جمعہ میں امامت کی۔اس اقدام نے زائرین کے دلوں میں ایک خاص نوعیت کی کیفیت پیدا کر دی۔ انہوں نے مسجد نبوی میں حاضری دینے والوں کے لیے گراں قدر خدمات پیش کرنے پر خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز ، مملکت کے ولی عہد اور مدینہ منورہ کے گورنر کے لیے عند اللہ ماجور اور عظیم ثواب کے مستحق ہونے کی دعا کی۔