ملک حقیقی جمہوریت کیلئے کر پشن کا مکمل خاتمہ ،آئین وقانون کی حکمرانی اور عوام کو انکا حق دینا ہوگا ‘چوہدری محمد سرور

جب تک بیرونی بنکوں میں موجود لیٹروں کا پیسہ واپس پاکستان نہیں آتا احتساب کا عمل ادھورا رہے گا‘سابق گورنر پنجاب

اتوار 10 دسمبر 2017 15:10

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 دسمبر2017ء) تحر یک انصاف کور کمیٹی کے رکن وسابق گور نر چوہدری محمدسرور نے کہاہے کہ ملک میں حقیقی جمہوریت کیلئے کر پشن کا مکمل خاتمہ ،آئین وقانون کی حکمرانی اور عوام کو انکا حق دینا ہوگا ،کر پشن کر نیوالوں کو رعایت نہیں صرف سزا دینے سے ہی لوٹ مار ختم ہوگی،جب تک بیرونی بنکوں میں موجود لیٹروں کا پیسہ واپس پاکستان نہیں آتا احتساب کا عمل ادھورا رہے گا ،200 ارب ڈالر سے زائد لوٹا ہوا قومی سرمایہ بیرونی بنکوں میں پڑا ہے یہ ملک میں آ جائے توکافی مالی مسائل حل ہوسکتے ہیں۔

اتوار کے روز اپنے انتخابی حلقے شاہدرہ میں پارٹی کارکنوں کے اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے چوہدری محمدسرور نے کہا کہ کر پشن اور لوٹ مار کی وجہ سے ملک میں غربت ، مہنگائی اور بے روزگاری نے پنجے گاڑ رکھے ہیں اور 89 فیصد شہریوں کو بین الاقوامی معیار کے مطابق صاف پانی نہیں مل رہا جس کی وجہ سے لوگ گندا پانی پینے پر مجبور ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کر پشن اور لوٹ مار کی وجہ سے نااہل ہونیوالے اب کیسے خود کو قوم کا مدد گار کہہ رہے ہیں حقیقت یہ ہے ’’نااہل ‘‘ ملک وقوم کی خدمت کے کبھی ’’اہل‘‘ نہیں ہوسکتے کیونکہ انکی وجہ سے ہی ملک میں لوڈشیڈ نگ اور مہنگائی سمیت دیگر مسائل پیدا ہوئے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ کر پشن کے مکمل خاتمے کیلئے پاکستانی سیاستدانوں کی بیرون ممالک موجود لوٹی رقم کو بھی پاکستان واپس لانا ہوگا اسکے بغیر ملک بھی کبھی آگے نہیں بڑھ سکتا ۔انہوں نے کہا کہ حکمرانوں نے اپنی کر پشن اور لوٹ مارسے ملک میں جمہور یت کو کمزور کر دیا ہے اور اس میں کوئی شک نہیں حکمرانوں کی کر پشن اور لوٹ مار بھی جمہوریت پر کسی شب خون مار نے سے کم نہیں تحر یک انصاف آئین وقانون کے مطابق ملک میں حقیقی جمہوریت چاہتی ہے ۔