مظفرآباد‘ضلعی انتظامیہ تجاوزات کے خاتمے کیلئے پُر عزم

ضلعی انتظامیہ کی جانب سے شروع کیے جانے والی ایک ہفتہ کی مہم کے دوران شہر کے اندر تجاوزات کا خاتمہ کر دیا گیا

اتوار 10 دسمبر 2017 14:40

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 دسمبر2017ء)ضلعی انتظامیہ تجاوزات کے خاتمے کیلئے پُر عزم ‘ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے شروع کیے جانے والی ایک ہفتہ کی مہم کے دوران شہر کے اندر تجاوزات کا خاتمہ کر دیا گیا ۔ تفصیلات کے مطابق ترجمان ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ تجاوزات کے باعث شہر کی خوبصورتی جہاں ماند پڑھ گئی تھی وہیں شہریوں کو بھی شدید مشکلات کا سامنا کر نا پڑتا تھا جس پر ڈپٹی کمشنر مظفرآباد مسعود الرحمان نے ذاتی دلچسپی لیتے ہوئے تجاوزات کے خاتمے کیلئے اسسٹنٹ کمشنر مظفرآباد عاصم خالد اعوان ، تحصیلدار حماد بشیر، ایس ایچ او سٹی تھانہ راشد حبیب مسعودی اور بلدیہ کے اعلیٰ آفیسران پر مشتمل کمیٹیاں قائم کی جو تجاوزات کے خاتمے کیلئے کارروائیاں کررہی ہیں ۔

(جاری ہے)

ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ چند بااثر افراد اپنے ذاتی مفاد کیلئے اس آپریشن کو سبوتاژ کرنا چاہتے ہیں جو اپنے مذموم عزائم میں کامیاب نہیں ہوں گے ۔ شہر کی خوبصورتی کو بحال کرنے کیلئے ضلعی انتظامیہ ایسے افراد کی بلیک میلنگ میں نہیں آئے گی اور آپریشن کو جاری رکھا جائے گا ۔ تجاوزات کے خلاف آپریشن خالصتاً غیر جانبدارانہ اور منصفانہ ہے ۔

سول سوسائٹی ، تاجر حضرات اور شہریوں سے اپیل ہے کہ تجاوزات کے خاتمے کیلئے ضلعی انتظامیہ سے بھرپور تعاون کریں تاکہ ایسے افراد جو شہر کی خوبصورتی کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں ان کے خلاف بھرپور کارروائی کر سکے اس سلسلے میں ضلعی انتظامیہ نے ایک سیل بھی قائم کر رکھا ہے جس پر عام شہری اپنی شکایات درج کروا کر تجاوزات کے خاتمے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں ۔