آزادکشمیرمیں ٹورازم کے فروٖ غ کے عملی اقدامات اٹھائے جارہے ہیں‘سیکرٹری اطلاعات

سیاحت کو پراجیکٹس کے طور پر نہیں بلکہ ایک مکمل پیکج کے تحت متعارف کروایا جارہاہے‘منصور قادر ڈار

اتوار 10 دسمبر 2017 14:40

میرپور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 دسمبر2017ء)آزادجموںوکشمیر کے سیکرٹری اطلاعات، سیاحت ،آئی ٹی وآثار قدیمہ منصورقادرڈار نے کہاہے کہ وزیراعظم راجہ محمدفارو ق حیدرخان، وزیراطلاعات وسیاحت مشتاق منہاس کے ویژن اور چیف سیکرٹری آزادکشمیرکی ہدایت پرآزادکشمیرمیں ٹورازم کے فروٖ غ کے عملی اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔آزاد کشمیر میں سیاحت کے فروغ کے لئے ٹورازم پالیسی بنا دی گئی ہے ۔

سیاحت کو پراجیکٹس کے طور پر نہیں بلکہ ایک مکمل پیکج کے تحت متعارف کروایا جارہاہے۔آزادکشمیرکے تمام انٹری پوائنٹس پرسیاحت کے حوالے سے بڑی بڑی سکرین لگائی جا رہی ہیں جہاں سیاحتی مقامات کے بارے میں جملہ انفارمیشن بدستورچوبیس گھنٹے دیکھی جائے گی۔ اس کے علاوہ انٹری پوائنٹس پرانفارمیشن بوتھ بھی قائم ہیں،سیاحوں کی سہولیات کے لئے تمام انفارمیشن ویب سائٹ پر میسر ہوگی جبکہ سیاحوںکے لئے سمارٹ کارڈ بھی جاری کیے جائیں گے ۔

(جاری ہے)

آزاد کشمیر بھر میں ٹورازم کے حوالے سے بڑا پوٹینشل موجود ہے جس سے استعفادہ حاصل کرنے کے لئے عملی اقدامات اٹھاناہونگے اس سلسلہ میں تمام اداروں اور عوام الناس کے تعاون بھی درکار ہوگا۔ منگلا جھیل کو سیاحت کا مرکز بنانے اور تاریخی قلعہ رام کورٹ تک رسائی کے لئے دھان گلی سے پختہ سڑک بھی بنائی جائے گی جبکہ میرپور سے منگلاڈیم کے ذریعے قلعہ تک رسائی کیلئے مرینہ بوٹیننگ کلب اہتمام کررہاہے ۔

حکومت آزاد کشمیر کی ہدایت پر کشمیر ی قدیم ثقافتی ورثہ کو محفوظ بنانے کے لئے مظفرآباد میں کشمیر میوزیم بنارہے ہیں ۔سیاحت کے ریسٹ ہائوسزکو لیز پر دے رہے ہیں تاکہ نوجوانوں کو سیاحت کے فروغ کے لئے شامل کیا جاسکے جو دور جدید کے تقاضوں کو سامنے رکھتے ہوئے سیاحیوں کی تفریحی کے لئے سہولیات اور مراعات فراہم کرنے میں اپنا رول ادا کرسکیںگے ۔

آثار قدیمہ کے تحفظ اور ان کی اصل شکل میں بحالی کے لئے بھی اقدامات اٹھائے جارہے ہیں تاکہ نئی نسل اور بیرون آزاد کشمیر سے آنے والے سیاح کشمیر کی قدیم ترین تاریخی ورثہ ،کلچر اور ثقافت سے بھی آشنا ہوسکیں۔کشمیری تہذیب و ثقافت ہمارا اصل ورثہ ہے اس کے تحفظ کو یقینی بنائیں گے ۔سی پیک منصوبہ کے تحت مانسہرہ مظفرآباد میرپور سڑک اور میرپور انڈ سٹریز یل زون کے قیام سے بھی سیاحت کو فروغ ملے گا ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دورہ میرپور کے دوران سیاحت کے فروغ کے لئے منگلا جھیل میں کئے جانے والے اقدامات کا جائزہ لینے کے بعد بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل اطلاعات راجہ اظہر اقبال ،اسسٹنٹ ڈائریکٹر سیاحت طارق محمود ملک ،ڈسٹرکٹ انفارمیشن آفیسر محمد جاوید ملک بھی ان کے ہمراہ تھے ۔بعد ازاں انہوں نے علمی وادبی پروگرام میں بھی شرکت کی اور سیاحت کی ترقی کے لئے اٹھائے جانے والے اقدامات سے اگاہ کیا۔

آزاد کشمیر کے سیکرٹری اطلاعات وسیاحت منصور قادر ڈار نے کہا کہ منگلا جھیل ، قلعہ منگلا اور قلعہ رام کوٹ سیاحت کا بڑا اثاثہ ہیں ان میں سیاحتی سرگرمیوں کی ڈویلپمنٹ کی اشد ضرورت ہے اس طرح بھمبر میں جنڈی چونترہ،بابا شادی شہید ،باغسر جھیل سمیت دیگر سیاحتی مقامات میں سیاحیوں کے لئے سہولیات اور مراعات فراہم کریں گے ۔پرائیویٹ سطح پر جو بھی لوگ انوسٹمنٹ کرنا چاہیں انہیں زمین محکمہ دے گا وہ ریسٹ ہائوس ،گیسٹ ہائوسز ،پبلک پارکس ،چیرلفٹ سمیت دیگر تفریحی کے لیے سہولیات مہیا کریں حکومت ان ہر ممکن معاونت کرے گی۔

انہوں نے بتایا کہ گزشتہ سال وادی نیلم میں 15 لاکھ سیاح آئے ہیں ان کے لئے ہم مذید آسانیاں لارہے ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ سعودی عرب کی حکومت کے اشتراک سے 17 ارب روپے کی لاگت سے اٹھمقام سے تائوبٹ تک اسٹیٹ آف آرٹ سڑک بنائی جائے گی جس سے وادی نیلم میں انٹرنیشنل ٹوریسٹ کی آمد ورفعت میںمزیداضافہ ہوگا۔ آزادکشمیر میں سیاحت کے حوالے سے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت خوبصورت جگہوںکو لیز پردیں گے تاکہ سیاحوں کے لیے پارکس اور دیگرتفریحی سہولیات مہیاہوسکیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت آزادکشمیرنے سیاحت کوانڈسٹری کادرجہ دیا ہے جس سے اس شعبہ میں بیرون ممالک سے لوگ سرمایہ کاری بھی کریں گے ۔منگلاجھیل کوانٹرنیشنل سیاحوں کی توجہ کامرکز بنانے کے لیے حکومت نے منگلاجھیل اور تاریخی قلعہ رام کوٹ کو لیز پردیاہواہے اس میں سیاحت کے حوالے سے ابھی تک کوئی اہم پیش رفعت نہیں ہوئی جس سے دنیا کی خوبصورت جھیل سے سیاحت کے حوالے سے استعفادہ نہیں کیا جاسکا۔

مرینہ بوٹننگ کلب کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ جھیل کے راستے تاریخی قلعہ رام کوٹ تک سیاحوں کے لئے تمام ضروری اقدامات اٹھیں ۔ محکمہ سیاحت نے آزادکشمیربھرمیں سیاحوں کی سہولیات کے لیے روڈسائیڈفیسلٹیزمہیاکردی ہیںجن میں ٹک شاپ، واش رومز، ریسٹ رومز شامل ہیںجبکہ دیگر علاقوں میںبھی روڈ سائیڈ چھوٹے چھوٹے پارکس ،ریسٹ رومز بنائیں گے ،پبلک پرائیویٹ پاٹنرشپ کے تحت سیاحت کے لئے پڑھے لکھے نوجوانوں کو آسان شرائط پر قرضے دیئے جائیں گے تاکہ انہیں روزگار کی سہولیات بھی مل سکیں ۔