محکمہ جنگلات کی ری آرگنائزیشن کے باعث ملازمین کے سکیل تبدیل ہو گئے

اس کے لیے رولز بنائے جا رہے ہیں جس کے بعد محکمہ کے ملازمین کی ترقیابیاں بھی شروع ہو جائیں گی‘سیکرٹری جنگلات

اتوار 10 دسمبر 2017 14:40

�یرپور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 دسمبر2017ء)آزادکشمیر کے سیکرٹری جنگلا ت اکلاس ، وائلڈ لائف و فشریز سید ظہور الحسن گیلانی نے کہا ہے کہ ریٹائرمنٹ سروس کا خوبصورت ترین حصہ ہے ۔ ایم ڈی اکلاس نثار احمد ملک اور ناظم جنگلا ت چوہدری عبدالکریم نے محکمہ جنگلات کی ترقی استحکا م ، جنگلات کے تحفظ اور افزائش سمیت محکمہ کی نیک نامی میں جو کردار ادا کیا وہ ہمیشہ یاد رکھا جائے گا ۔

محکمہ جنگلات کی ری آرگنائزیشن کے باعث ملازمین کے سکیل تبدیل ہو گئے ہیں اس کے لیے رولز بنائے جا رہے ہیں جس کے بعد محکمہ کے ملازمین کی ترقیابیاں بھی شروع ہو جائیں گی ۔ محکمہ جنگلات کے ملازمین اپنے فرائض منصبی احسن طریقے سے سرانجام دیں ان کے تمام حل طلب مسائل حل کیے جائیں گے ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انھوں نے محکمہ جنگلا ت آزادکشمیر کے دو اعلیٰ افسران منیجنگ ڈائریکٹر اکلاس نثار احمد ملک اور ناظم جنگلات چوہدری عبدالکریم کی ریٹائرمنٹ کے سلسلہ میں جنگلات سرکل میرپور کے زیر اہتمام منعقدہ الوداعی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

تقریب کی صدارت سیکرٹری جنگلات سید ظہور الحسن گیلانی نے کی جبکہ مہمان خصوصی میں نثار احمد ملک اور چوہدری عبدالکریم تھے سٹیج سیکرٹری کے فرائض ڈی ایف اوافتخار احمد ضیاء نے سرانجام دئیے ۔ اس موقع پر سابق سیکرٹری جنگلات سردار خورشید احمد خان ، سابق ناظم اعلیٰ جنگلات راجہ خضرحیات ، سابق ناظم جنگلات راجہ حسن اختر خان ، سابق ناظم راجہ زاہد اللہ خان ،مسٹ یونیورسٹی کے پروفیسرملک مشتاق،رجسٹرار انجینئر پروفیسر وارث جرال ،سابق چیئر مین ضلع کونسل کوٹلی ملک محمد فیض ، ملک ماجد ایڈووکیٹ ،پراجیکٹ ڈائریکٹر کمیونٹی ڈویلپمنٹ پروگراملک عبدالرحمان ،ڈی ایف او ملک اشرف پروانہ ،ڈی ایف او عمران شفیع،ڈی ایف او جہانزیب،ڈی ایف او نعمان اکبر، اسسٹنٹ دائریکٹر سیاحت ملک طارق محمود ، ڈسٹرکٹ انفارمیشن آفیسر محمد جاوید ملک ، رینج آفیسر راجہ ساعت ،ناظمین جنگلات ، رینج آفیسران ، فارسٹر ، گارڈ زکی بڑی تعداد موجود تھی ۔

تقریب سے ایم ڈی اکلاس ملک نثار احمد ، ناظم اعلیٰ جنگلات چوہدری عبدالکریم ، پرنسپل چیف عبدالروف قریشی ، ناطم اعلیٰ خواجہ ممتاز ، ناطم جنگلات سردار نصیر احمد خان ، مہتم جنگلات ملک عبدالرحمان، مہتم جنگلات راجہ زاہد حسین ، فاریسٹ گارڈ ایسوسی ایشن کے نگران اعلیٰ راجہ عبدالغفار خان ،نوجوان انجینئرمحمد خان ملک نے بھی خطاب کیا ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے محکمہ جنگلات سے ریٹائرمنٹ حاصل کرنے والے ایم ڈی اکلاس نثار احمد ملک کی محکمانہ خدمات کو زبر دست الفاظ میں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انھوں نے جن خطوط پر اپنی خدمات وقف کی ہیں وہ لائق تعریف ہیں وہ عظیم انسان ، شفیق استاد اور اعلیٰ صلاحیتوں کے مالک منتظم تھے جھنوں نے ہمیشہ محکمہ کے مفادات کو ترجیحی دی اور مشکل سے مشکل وقت میں بھی چٹان کی طرح آگے بڑھ کر ٹمبر مافیا کوکیفر کردار تک پہنچایاان کے جراتمندنہ اقدامات محکمہ جنگلات کے لئے مشعل راہ ہیں ۔

انھوں نے کہا کہ ناظم اعلیٰ جنگلات چوہدری عبدالکریم بھی نہایت ہی اعلیٰ صلاحیتوں کے مالک انسان ہیں ۔ انھوں نے بھی محکمہ کی ترقی اور بہتری کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھائے ۔سیکرٹری جنگلات سید ظہور الحسن گیلانی نے خوبصورت اور شایان شان تقریب کے انعقاد پر محکمہ جنگلات کے افسران اور ملازمین کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہمیشہ اپنے محسنوں کو یاد رکھنا چاہیے اور جن افسران نے محکمہ کی ترقی اور بہتری کے لیے لازوال خدمات سرانجام دی ہوں ان کا صلہ انہیں ہر صورت ملنا چاہیے ۔

انھوں نے کہا کہ ملک نثار احمد کی ترقیابی کا معاملہ اگرچہ دیر سے ہوا ہے تاہم مجھے خوشی ہوئی ہے کہ ان کو ان کی خدمات کا صلہ ملا ہے جن کے وہ مستحق تھے ۔ ایم ڈی اکلاس نثار احمد ملک نے اپنے خطاب میں کہا کہ محکمہ جنگلات میں 32 سالہ سروس میں مجھے اپنے سینئر اور جونیئر افسران کا بھر پور تعاون حاصل رہا ۔ اس لحاظ سے پورے آزادکشمیر کے محکمہ جنگلات کے ایک ایک ملازم کو ذاتی طور پر جانتاہوں ۔

محکمہ جنگلات کو میں اپنی اولاد کی طرح دیکھتا تھا اور اس کی حفاظت پر مامور ملازمین کو جنگلات کا زیورسمجھتا تھا۔جنگلات اور اس کے ملازمین لازم وملزوم ہیں۔اس محکمہ نے مجھے بہت عزت دی اوررزق حلال دیا ورنہ مجھ جیسا کمزور شخص کہیں مزدوری بھی نہیں کر سکتا تھا ۔انہوں نے کہاکہ آزاد کشمیر کے جنگلات 43% رقبہ پر ہیں لیکن آنے والے دور میں جنگلات کی زمینوں کے حوالے سے بڑے چیلنجز کا سامنا کرنا پڑے گا ۔

جنگلات کی افزائش ، نشوونماسمیت ان کا تحفظ ہر ملازم کی اولین ذمہ داری ہونی چاہیے ۔ انھوں نے کہا کہ سروس کے دوران میں ہمیشہ جذباتی رہا یہ سب کچھ محکمہ کے وقار اور عزت کے لیے تھا لیکن کوشش کی ہے کہ کسی بھی ملازم سے اس کے عہدے کے بجائے اس کے نام سے کام لیاجائے ۔ انھوں نے جملہ محکمہ کے ملازمین سے کہا کہ وہ دل لگا کر محنت دیانتداری کے ساتھ اپنے فرائض سرانجام دیں اور محکمہ کی بہتری کے لیے کام کریں ہماری جہاں بھی ضرورت ہو گی ریٹائر منٹ کے بعد خدمات بھی سرانجام دیںگے ۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ناظم اعلیٰ جنگلات چوہدری عبدالکریم نے کہا کہ اپنی سروس کے دوران محکمے نے جو ٹاسک دئیے ان کو پورا کرنے کی کوشش کی ہے ۔ انھوں نے کہا کہ 36 سال سے محکمہ کی خدمات سرانجام دی ہیں اور ٹیم ورک کے طور پر سینئر اور جونیئر سٹاف نے بھی بھر پور تعاون کیا ۔ انھوں نے کہا کہ ہمارا اصل اثاثہ فیلڈ میں کام کرنے والا سٹاف ہے انھوں نے محکمہ کے ملازمین کا شکریہ ادا کیا ۔ اس موقع پر ریٹائرڈ ہونے والے ایم ڈی اکلاس نثار احمد ملک ، چوہدری عبدالکریم کو تحائف اور شیلڈز دی گئیں ۔ قبل ازیں دونوں افسران جب تقریب میں پہنچے تو ان کا فقید المثال استقبال کیا گیا اور انھیں ہاروں سے لا د دیا گیا ۔