مقبوضہ کشمیر کی جیلوں میں نظربندکشمیریوں کی حالت زار تشویشناک ہے ، مقبوضہ کشمیر ہائی کورٹ بار

مودی حکومت کشمیری نوجوانوں کو سیاست کا ایندھن بنارہی ہے،بیان

اتوار 10 دسمبر 2017 14:20

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 دسمبر2017ء) مقبوضہ کشمیر کی ہائی کورٹ بار ایسو سی ایشن نے مختلف جیلوںمیںنظربند کشمیریوں کی حالت زار کو تشویشناک قرار دیتے ہوئے تحریک آزادی کشمیر کو مزید مضبوط کرنے کی ضرورت پر زوردیا ہے۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق بار ایسوسی ایشن نے انسانی حقوق کے عالمی دن کے سلسلے میں سرینگر میں ایک روزہ کانفرنس کا انعقاد کیا جس میں وکلاء کے علاوہ سول سوسائٹی کے ارکان ،مزاحمتی رہنمائوں اور معروف قلمکاروںنے شرکت کی۔

بارایسوسی ایشن کے جنرل سیکریٹری جی این شاہین نے ’’کشمیر اور بھارت کی جیلوں میںکشمیری نظر بندوں کی حالات زار‘ ‘کے موضوع پر منعقد ہ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری نوجوانوں کو جیلوں میں تختہ مشق بنایا جارہا ہے جو جیل قوانین کی خلاف ورزی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مودی حکومت کشمیری نوجوانوں کو سیاست کا ایندھن بنارہی ہے اور گجرات انتخابات میں فتح حاصل کرنے کیلئے کشمیری عوام کو قربانی کا بکرا بنایا جارہا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ایک طرف بھارت دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت ہونے کا دعویٰ کر رہاہے اور دوسری طرف کشمیری عوام کے حقوق کو سلب کیا گیاہے۔ سینئر وکیل ایڈوکیٹ محمد امین بٹ نے باہمی اتحاد پر زور دیتے ہوئے کہا کہ کشمیری نوجوانوں کو صرف اس لئے عتاب کانشانہ بنایا جارہا ہے کیونکہ وہ حق خود ارادیت کا مطالبہ کررہے ہیں۔ انہوںنے کہا کہ کشمیری نوجوانوں کو دانستہ طورپر بھارت کی جیلوں میںٹھونسا جارہا ہے تاکہ انہیں ذہنی ٹارچرکیاجائے۔

کانفرنس میں ایک قرار داد منظور کی گئی جس میں مسئلہ کشمیر کو ایک بین الاقومی مسئلہ قراردیتے ہوئے اس کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرنے پرزوردیاگیا۔قرارداد میںتحریک آزادی کشمیر کو عوامی تحریک قرار دیتے ہوئے بھارت پر زوردیا گیا کہ وہ کشمیریوں پر مظالم ڈھانے سے باز آجائے۔قرار داد میں وادی میں انسانی حقوق کی پامالیاںبند ،بنیادی حقوق بحال ، ماروائے عدالت قتل،فرضی جھڑپوں اور نظربندوں پر قاتلانہ حملوں کا سلسلہ فوری طور پر بند کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔

کانفرنس میں جیلوں میں نظر بندحریت پسندوںکے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا گیا اور عالمی برداری سے اپیل کی گئی کہ وہ مسئلہ کشمیر کو حل کرنے کیلئے مداخلت کرے۔پروفیسر حمیدہ نعیم اورایڈوکیٹ ارشد اندرابی نے بھی کانفرنس سے خطاب کیا جبکہ حریت رہنمازمردہ حبیب،تنویر فاطمہ ،محمد مقبول صوفی، بار کے سابق صدر ایڈوکیٹ نذیر احمد رونگا ، ایڈوکیٹ سید منظور احمد ،ایڈوکیٹ محمد یوسف پرے،ایڈوکیت بشیر صادق،،ایڈوکیٹ ناصر قادری، ایڈوکیٹ اسرار،سابق بیروکریٹ فرحت قریشی، شکیل قلندر ، ماجد مجروع اورعبدالمجید زرگرنے بھی کانفرنس میں شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :