اٹک‘تحصیل میونسپل کمیٹی کے اہلکاروں کو سول ڈیفنس سے تربیت دلانے کا فیصلہ

اپنی جانوں کی پرواہ کئے بغیر بلا معاوضہ قیمتی انسانی جان و مال کا تحفظ کرنے والے الله کا انتخاب ہیں، شیخ سلمان ، شیخ ناصر سول ڈیفنس ضلع اٹک کے رضاکاروں کی خدمات لائق تحسین ہیں، رضاکاروں کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب

اتوار 10 دسمبر 2017 12:40

اٹک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 دسمبر2017ء)پاکستان مسلم لیگ(ن) ضلع اٹک کے رہنما شیخ سلمان سرور اور چیئرمین میونسپل کمیٹی اٹک شیخ ناصر محمود نے کہا ہے کہ خدائی صفت کے تحت عوام کے جان و مال کی حفاظت کرنے والے سول ڈیفنس ضلع اٹک کے رضاکاروں کی خدمات لائق تحسین ہیں ، اپنی جانوں کی پرواہ کئے بغیر قیمتی انسانی جان و مال کا تحفظ کرنے والے الله کا انتخاب ہیں جو بلا معاوضہ خدمات انجام دیتے ہیں، میونسپل کمیٹی اٹک آگ اور ہنگامی حالات پر قابو پانے کیلئے اپنے عملہ کو سول ڈیفنس اٹک سے تربیت دلائے گی، ڈسٹرکٹ آفیسر عقیل خٹک کی پیشہ وارانہ خدمات اور بہترین کارکردگی پر خراج تحسین پیش کرتے ہیں وفاقی وزیر شیخ آفتاب احمد سے مل کر سول ڈیفنس اٹک کی بلڈنگ سمیت تمام مسائل حل کریں گے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے سول ڈیفنس آرگنائزیشن اٹک کے رضا کاران میں تعریفی اسناد ، ٹریننگ سرٹیفیکٹس اور محرم الحرام میں امام بارگاہوں کی حفاظت کیلئے ڈیوٹی دینے والے رضاکاروںکو اعزازیہ سے نوازنے کی تقریب سے خطاب کررہے تھے ، میڈیا کوآرڈینیٹر نثار علی خان، انسٹرکٹر قاسم یعقوب سمیت مسلم لیگ(ن) کے رہنما و سماجی شخصیات بھی اس موقع پر موجود تھیں، بعد ازاں مہمان خصوصی شیخ سلمان سرور اور شیخ ناصر محمود نے ڈسٹرکٹ آفیسر عقیل خٹک کے ہمراہ بلڈنگ کا دورہ کیا اور تمام مسائل فوری طور پر حل کرنے اور ہر تعاون کی یقین دہانی کرائی۔