Live Updates

جنرل (ر) راحیل شریف نے اسلامی اتحاد کی سربراہی قبول کر کے غلطی کی ان کو نہیں جانا چاہیے تھا: عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد کی نجی ٹی وی سے گفتگو

ہفتہ 9 دسمبر 2017 23:31

جنرل (ر) راحیل شریف نے اسلامی اتحاد کی سربراہی قبول کر کے غلطی کی ان ..
راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 09 دسمبر2017ء) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ میں نے چوہدری نثار کی طرح جنرل ضیاء الحق کے جوتے نہیں چاٹے، چوہدری نثار جی ایچ کیو کے گیٹ نمبر4کی پیداوار ہیں ، آصف زرداری گنگا سے نہا کر نہیں آئے ان کے خلاف بھی کئی کیسز ہیں ، میں نے عمران خان کو کبھی آصف زرداری سے ملنے کو نہیں کہا، جنرل (ر) راحیل شریف نے اسلامی اتحاد کی سربراہی قبول کر کے غلطی کی ان کو نہیں جانا چاہیے تھا ۔

ہفتہ کو نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ آصف زرداری پاکستان تحریک انصاف سے نہیں بلکہ مسلم لیگ (ن) سے سیٹیں مانگیں گے ، پیپلزپارٹی سے میرا کوئی رابطہ نہیں مجھے نہیں پتا کہ پی پی پی طاہر القادری سے کیوں ملنے گئی ،جو بھی ہوگا آئین اور جمہوری ضابطوں کے تحت ہوگا، یہ کرپٹ حکومت 30مارچ تک برقرار نہیں رہے گی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ 11دسمبر کو مدر آف آل کرائم حدیبیہ پیپرز کا کیس لگ جائے گا ، الیکشن سے پہلے ملک سے کرپٹ لوگوں کا خاتمہ کرنا ہے ، میں اور عمران خان آصف زرداری سے اتحاد نہیں کر رہے ، آصف زرداری گنگا سے نہا کر نہیں آئے ، ان کے خلاف بھی کئی کیسز ہیں ، میں ظلم اور بربریت کے خلاف طاہر القادری کیساتھ ہوں ۔

سربراہ عوامی مسلم لیگ نے کہا کہ میں نے عمران خان کو کبھی آصف زرداری سے ملنے کو نہیں کہا ، میں چاہتا ہوں کہ میری وجہ سے عمران خان کو فائدہ پہنچے ، پانامہ کیس میں نوازشریف میرے کیس کی وجہ سے نااہل ہوئے ، میں نے چوہدری نثار کی طرح ضیاء الحق کے جوتے نہیں چاٹے ، چوہدری نثار جی ایچ کیو کے گیٹ نمبر4کی پیداوار ہیں ۔شیخ رشید نے کہا کہ کئی بار کہہ چکا ہوں کہ الیکشن 2018سے آگے جاسکتے ہیں ، ہم فیئر الیکشن چاہتے ہیں تا کہ قوم سکون کا سانس لے ،راحیل شریف نے اسلامی اتحاد کی سربراہی قبول کر کے غلطی کی ہے ان کو نہیں جانا چاہیے تھا ۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات