Live Updates

شہباز شریف،رانا ثناء ،سانحہ میں ملوث پولیس افسران مستعفی ہوں،تحقیقات کیلئے پانامہ کی طرز پر جے آئی ٹی بنائی جائے ‘ طاہر القادری

تحریک انصاف کے رہنمائوں نے عمران خان کا پیغام پہنچایا،عوامی تحریک کے تینوں مطالبات کو جائز قرار دیتے ہوئے حمایت کا اعلان جہانگیر ترین ،شاہ محمود قریشی کی قیادت میں تحریک انصاف کے پانچ رکنی وفد نے ملاقات کی ،پی ایس پی کے مصطفی کمال کی بھی ملاقات آج اتوار چوہدری برادران ،شیخ رشید احمد،راجہ ناصر عباس بھی ملاقات کے لئے منہاج کے مرکزی سیکرٹریٹ آئیں گے

ہفتہ 9 دسمبر 2017 21:57

شہباز شریف،رانا ثناء ،سانحہ میں ملوث پولیس افسران مستعفی ہوں،تحقیقات ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 دسمبر2017ء) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے سانحہ ماڈل ٹائون کے انصاف کیلئے تین مطالبات پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہباز شریف اور رانا ثناء اللہ فوری استعفیٰ دیں ، سانحہ ماڈل ٹائون میں بالواسطہ ، بلاواسطہ ملوث افسران کیس کے حتمی فیصلہ تک عہدے چھوڑ دیں ،سانحہ کی تحقیقات کیلئے پانامہ لیکس کی طرز پر با اختیار،غیر جانبدار جے آئی ٹی تشکیل دی جائے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنمائوں جہانگیر ترین اور شاہ محمود قریشی کی قیادت میں آنیوالے وفد سے ملاقات کے بعد انکے ہمراہ ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ جسٹس باقر نجفی کمشن نے قاتلوں کے چہروں سے نقاب ہٹا دئیے ،منصوبہ نواز شریف شہباز شریف نے بنایا،رانا ثناء نے نگرانی کی،افسران اور پولیس نے عمل کیا ۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر طاہر القادری نے پی ٹی آئی کے اعلیٰ سطحی وفد کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ مختلف جماعتوں کی مرکزی قیادت انسانیت کے ناطے سے ہمارے پاس آ رہی ہے ان ملاقاتوں میں شہدائے ماڈل ٹائون کو انصاف دلوانے پر گفتگو ہوتی ہے ۔تحریک انصاف کے رہنمائوں نے عمران خان کا پیغام پہنچایااور ڈاکٹر طاہر القادری کے تینوں مطالبات کو جائز قرار دیتے ہوئے حمایت کا اعلان کیا اور یقین دلایا کہ حصول انصاف کیلئے ڈاکٹر طاہر القادری جو قدم بھی اٹھائیں گے تحریک انصاف ساتھ ہو گی۔

شاہ محمود قریشی نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جسٹس باقر نجفی کمشن کی رپورٹ آنے کے بعد ثابت ہو گیا کہ شہباز شریف ،رانا ثناء اللہ سانحہ میں براہ راست ملوث ہیں اور اب ایک سیکنڈ کیلئے بھی انکا اقتدار میں رہنے کا کوئی جواز نہیں ۔انہوں نے کہا کہ 14شہریوں کا قتل غیر معمولی واقعہ ہے اسے کسی صورت نظر انداز نہیں کیا جا سکتا ،تحریک انصاف اول روز سے سانحہ کے ذمہ داروں کو عبرت ناک سزا دینے کا مطالبہ کر رہی ہے ،2014 کے دھرنے کا ایک بڑا مطالبہ ماڈل ٹائون کے قاتلوں کو سزا دینا تھا۔

پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے جہانگیر ترین نے کہاکہ عمران خان،ڈاکٹر طاہر القادری کے موقف کے ساتھ ہیں ،شہدائے ماڈل ٹائون کے انصاف کیلئے قانونی،سیاسی ،عوامی سطح پر احتجاج میںساتھ دینے کا فیصلہ پوری پارٹی کا ہے۔انہوں نے کہاکہ شہباز شریف ،رانا ثناء اللہ مستعفی ہوں اور خود کو قانون کے سامنے سرنڈر کریں ،انہوں نے کہاکہ اگر یہ استعفے نہیں دیتے تو احتجاج کے حوالے سے جو فیصلہ بھی ڈاکٹر طاہر القادری کریں گے ساتھ کھڑے ہونگے ۔

پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر طاہر القادری نے مزیدکہا کہ بیت المقدس کو اسرائیل کا دارلحکومت بنائے جانے کے فیصلے پر نظر ثانی نہ کی گئی تو عالمی امن کی کوششوں کو نا قابل تلافی نقصان پہنچے گا ۔ڈونلڈ ٹرمپ فیصلے پر نظر ثانی کریں ۔انہوں نے اکہاکہ فیصلہ کو پوپ سمیت یورپی ممالک نے قبول نہیں کیا ۔تحریک انصاف کے وفد میں اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی میاں محمود الرشید ،عبد العلیم خان اور اعجاز چوہدری بھی شامل تھے ،پاکستان عوامی تحریک کی طرف سے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور ، ڈاکٹر حسن محی الدین،بریگیڈئر(ر) محمد مشتاق ،فیاض وڑائچ،مرکزی سیکرٹری اطلاعات نور اللہ صدیقی،ساجد بھٹی،جی ایم ملک،جواد حامد،میاں ریحان مقبول،میاں زاہد اسلام،راجہ زاہد و دیگر رہنما شریک تھے ۔

پی ایس پی کے چیئرمین مصطفی کمال کی قیادت میں وفد نے بھی ڈاکٹر طاہر القادری سے ملاقات کی ۔پاکستان عوامی تحریک کے ترجمان نور اللہ صدیقی کے مطابق آج بروز اتوار شیخ رشید احمد،راجہ ناصر عباس،چوہدری برادران سربراہ عوامی تحریک سے ملاقات کریں گے ۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات