ْ خیبر پختونخواحکومت عوام کو درپیش مسائل کے حل کیلئے ہر سطح پراقدامات کررہی ہے، پرویز خٹک

ہفتہ 9 دسمبر 2017 19:06

ْ خیبر پختونخواحکومت عوام کو درپیش مسائل کے حل کیلئے ہر سطح پراقدامات ..
نوشہرہ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 دسمبر2017ء) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا حکومت عوام کو درپیش مسائل کے حل کیلئے ہر سطح پراقدامات کررہی ہے،ترقیاتی منصوبے عوام پر احسان نہیں بلکہ یہ حکومت کی ذمہ داری ہے، ہمیشہ ذمہ دار سیاست اور عوامی خدمت کو ترجیح دی ہے،اداروں کو سیاسی مداخلت سے پاک کرکے خدمات کی فراہمی کا نظام متعارف کرایا ۔

ان خیالات کا اظہار اُنہوںنے اکبر پورہ ضلع نوشہر ہ میں عوامی اجتماع سے خطاب کر رہے تھے۔ایم این اے ڈاکٹر عمران خٹک، ایم پی اے میاں خلیق الرحمن ، ڈسٹرکٹ ممبر میاں انعام اللهاور نائب ناظم ویلج کونسل ۔2 دوستان خان کے علاوہ دیگر عوامی نمائندوں اور سیاسی شخصیات نے جلسے میں شرکت کی ۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ موجودہ صوبائی حکومت نے غریب کے بچے کو معیاری تعلیم دلانے کیلئے سکولوں میں سہولیات کی فراہمی پر اربوں روپے خرچ کئے پرائمری کی سطح پر انگلش میڈیم کا اجراء کیا تاکہ غریب بھی امیر کے مقابلے میں آسکے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ صوبائی حکومت نے اول سے پانچویں جماعت تک ناظرہ قرآن جبکہ چھٹی سے بارہویں تک باترجمہ قرآن کو نصاب کا لازمی حصہ بنادیاکیونکہ ایک با شعور اور بامقصد معاشرے کے قیام کیلئے بیک وقت اسلامی اور عصری علوم کا فروغ وقت کی ضرورت ہے ۔ محکمہ صحت میں حکومتی اصلاحات کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہاکہ جب وہ حکومت میں آئے توڈاکٹروں کی تعداد صوبے میں 3500تھی ہم نے تعداد 7 ہزارتک بڑھا دی‘ان کی تنخواہوں میں ڈیڑھ لاکھ تک اضافہ کیا‘ غریب عوام کے علاج کیلئے صحت انصاف کارڈ کا اجراء کیا‘صوبہ بھر میں ہسپتالوں کو مشینری کی فراہمی کا سلسلہ بھی شروع ہوچکا ہے ‘جس کیلئے اربوں روپے خرچ کر رہے ہیں۔

وزیراعلیٰ نے کہاکہ اُن کی حکومت نے رشوت کے خاتمے ، میرٹ اور شفافیت کے لئے بھی متعدد قوانین بنائے اور معیاری خدمات کی فراہمی کا فول پروف سسٹم دیا‘صوبے میں ای ٹینڈرنگ متعارف کرا چکے ہیں جبکہ عنقریب ای بڈنگ کانظام بھی شروع کر رہے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ بیروزگاری کے خاتمے کیلئے صوبائی حکومت پہلے دن سے سنجیدگی کے ساتھ کام کر رہی ہے ‘دُنیا بھر سے سرمایہ کار یہاں کا رخ کر رہے ہیں‘ رشکئی ، جلوزئی ، حطاراور دیگر اضلاع میں وسیع پیمانے پر کارخانے لگائے جائیں گے ‘یہ صوبہ سی پیک کی وجہ سے صنعت و تجارت کا مرکز بننے جارہا ہے۔

پرویز خٹک نے کہاکہ وہ سو فیصد نظام کی درستگی کا دعویٰ تو نہیں کرتے تاہم ہر محکمے اور ہر شعبے میں شفاف نظام کی بنیادیں رکھ دی ہیں‘ اگر ہمارے نظام کا ماضی کے نظام سے موازنہ کریں تو فرق واضح نظر آئے گا۔

متعلقہ عنوان :