بین الاقوامی سطح پر مقابلہ کے لئے تحقیق پر مبنی تعلیم کا فروغ اشد ضروری ہے، گورنر سندھ

نجی تعلیمی ادارے صوبہ میں اعلیٰ تعلیم کے فروغ میں نمایاں کردار ادا کررہے ہیں ، انسٹیٹیوٹ آف بزنس مینجمنٹ کے 20ویں جلسہ تقسیم اسناد سے خطاب

ہفتہ 9 دسمبر 2017 17:42

بین الاقوامی سطح پر مقابلہ کے لئے تحقیق پر مبنی تعلیم کا فروغ اشد ضروری ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 دسمبر2017ء) گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا کہ اعلیٰ تعلیم قوموں کی تقدیر بدل دیتی ہے دنیا بھر میں مختلف شعبوں میں نت نئی ایجادات اور تحقیق سے فائدہ اٹھانے کے لئے جامعات کو ایک جامع حکمت عملی کے تحت کام کرنا چاہئیے تاکہ طالب علموں کو مستقبل کے چیلنجز کے لئے زیادہ بہتر طریقہ سے تیار کیا جاسکے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے انسٹیٹوٹ آف بزنس مینجمینٹ کے 20 ویں جلسہ تقسیم اسناد 2017 سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع انسٹیٹوٹ کے چانسلر بشیر جان محمد ،صدر سید طالب کریم ،ایگزیکٹو ڈائریکٹر سبینہ محسن اور سکریٹری بورڈز اینڈ یونیورسٹیز محمد حسین سید بھی موجود تھے ۔ جلسہ تقسیم اسناد میں مختلف شعبوں کے 850 طالب علموں کو اسناد تفویض کی گئیں۔

(جاری ہے)

گورنر سندھ نے کہا کہ آج کا دن ایک ایسا موقع ہے جب طالب علموں کے ساتھ اساتذہ اور والدین خصوصی مبارکباد کے مستحق ہیں کیونکہ ان کی محنت کے بغیر طالب علم یہ کامیابی حاصل نہیں کرسکتے تھے۔ گورنر سندھ نے مزید کہا کہ مرحوم شاہ جہاں کریم کا لگایا ہوا پودا آج تناور درخت بن چکا ہے۔ انہوں نے جو خواب دیکھا تھا اور جس کے لئے وہ کوشاں رہے وہ اب ایک زبردست تعلیمی دارے میں تبدیل ہوچکا ہے۔

گورنر سندھ نے کہا کہ نجی تعلیمی ادارے صوبہ میں تعلیم کے فروغ میں نمایاں کردار ادا کر رہے ہیں اور شہر میں تعلیم کے فروغ میں مصروف نجی اداروں میں تعلیم اور تربیت کی فراہمی کے لحاظ سے یہ انسٹیٹوٹ نہایت معتبر ادارہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ بات بھی لائق تحسین ہے کہ اس سے فارغ التحصیل ہونے والے ہر شعبہ زندگی میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔

گورنر سندھ نے انسٹیٹوٹ میں جدید تقاضوں کے مطابق نصابی مواد کے استعمال کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ا س سے طالب علموں کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ ہونے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ اعلی تعلیم ہی ہمارے تمام مسائل کا حل ہے کیونکہ اعلی تعلیم کے بغیر کو ئی بھی معاشرہ ترقی نہیں کرسکتا۔ گورنر سندھ نے کہا کہ اس بات کو مدنظر رکھتے ہوئے اعلی تعلیم کے فروغ کو اولین ترجیح دی جارہی ہے۔

انہوں نے تحقیق کے شعبہ میں مزید اقدامات کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ جامعات میں تحقیق کا فروغ اشد ضروری ہے۔اس موقع پر اپنے خطاب میں انسٹیٹیوٹ کے چانسلر بشیر جان محمد نے کہا کہ ادارے میں تحقیق پر مبنی تعلیم پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے تاکہ طالب علموں کو عصر حاضر کے تقاضوں کے مطابق تیار کیا جاسکے اور وہ عملی میدان میں بھی نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرسکیں ۔

انسٹیٹیوٹ کے صدر سید طالب کریم اور ایگزیکٹیو ڈائریکٹر سبینہ محسن نے اپنے خطاب میں انسٹیٹیوٹ کی ماضی کی کارکردگی، نئے شعبہ جات کے اضافے اور مستقبل کے منصوبوں کے بارے میں گورنر سندھ کو بریفنگ دی۔ تقریب میں گورنر سندھ نے نصابی سرگرمیوں میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طالب علموں میں گولڈمیڈلز تقسیم کئے۔

متعلقہ عنوان :