الیکشن نہ تو قبل از وقت ہوں گے نہ بعد از وقت بلکہ بروقت ہوں گے ،ْگورنر پنجاب

2018کا الیکشن بھی مسلم لیگ ن ہی جیتے گی، نوازشریف کو عوام کے دلوں سے نہیں نکالا جاسکتا، رفیق رجوانہ جو لوگ کہہ رہے حکومت جارہی ہے یہ ان کی خواہش و خام خیالی ہے،جب ووٹ کے تقدس کا خیال نہیں رکھا جاتا ہے،استقبالیے سے خطاب

ہفتہ 9 دسمبر 2017 17:38

الیکشن نہ تو قبل از وقت ہوں گے نہ بعد از وقت بلکہ بروقت ہوں گے ،ْگورنر ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 دسمبر2017ء) گورنر پنجاب ملک رفیق رجوانہ نے کہا ہے کہ الیکشن نہ تو قبل از وقت ہوں گے نہ بعد از وقت بلکہ بروقت ہوں گے، 2018کا الیکشن بھی مسلم لیگ ن ہی جیتے گی، نوازشریف کو عوام کے دلوں سے نہیں نکالا جاسکتا، جو لوگ یہ کہہ رہے کہ حکومت جارہی ہے یہ ان کی خواہش ہے و خام خیالی ہے،جب ووٹ کے تقدس کا خیال نہیں رکھا جاتا ہے تو پھر 1971ء جیسے سانحات رونما ہوتے ہیں جس میں ملک دو ٹکڑے ہوگیا تھا، ٹی وی چینلز دیکھو تو ایسالگتا ہے کل ہی حکومت جانے والی ہے میڈیا کو چاہئے مثبت کردار ادا کرے،احتساب ضرور ہونا چاہئے لیکن فیصلے ایسے ہونے چاہئیں کہ انصاف ہوتا نظر آئے، کچھ انہونی سیاسی ملاقاتیں ہورہی ہیں جس سے لگتا ہے کہ حکومت کو پٹری سے اتارنے کی کوشش کی جارہی ہے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انھوں نے ہفتہ کو مسلم لیگ ہائوس میں مسلم لیگ ن کی جانب سے اپنے اعزاز میں دیئے جانے والے استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر مسلم لیگ ن سندھ کے صدر بابو سرفراز جتوئی، رانا احسان، ایم پی اے ہمایوں خان، ایم پی اے شفیع جاموٹ، اسد جونیجو،زین انصاری،گورنر پنجاب کے صاحبزادے آصف رجوانہ اور دیگر نے خطاب کیا سندھ کے رہنما گورنر پنجاب کے سامنے پھٹ پڑے اور کہا کہ مرکز کی جانب سے سندھ کی تنظیم کو نظر انداز کیا ہوا ہے۔

ملک رفیق رجوانہ نے کہا کہ میں نے اندازہ کیا ہے کہ مسلم لیگ ن کے لئے سندھ میں بہت گنجائش ہے الیکشن میں اب چند ماہ باقی رہ گئے میں سمجھتا ہوں کہ جو خلاء ہے اسے جلد پورا کرلیا جائے گا۔ جہاں تک مسلم لیگ ن سندھ کے کارکنوں کے مسائل کا تعلق ہے تو وہ اس سلسلے میں وزیر اعظم سے بات کریں گے مسلم لیگ ن سندھ اراکین اسمبلی اور بلدیاتی نمائندوں کو فنڈز کا نہ ملنا نا انصافی ہے۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ حالات کچھ ایسے پیدا کردیئے گئے ہیں کہ جب ٹی وی چینلز دیکھو تو لگتا ہے کہ حکومت کل ہی جارہی ہے اور ملک میں کوئی سیاسی زلزلہ آیا ہوا ہے ایسے حالات میں میڈیا کو اپنا مثبت کردار ادا کرنا چاہے ،الیکشن قبل ازوقت ہونا یہ کچھ لوگوں کی خام خیالی یا خواہش تو ہوسکتی ہے لیکن ایسا ہوگا نہیں ، الیکشن نہ تو قبل از وقت ہونے جارہے ہیں نہ بعد ازوقت الیکشن بروقت ہوں گے ، اور 2018ء کے الیکشن میں بھی مسلم لیگ ن کو کامیابی حاصل ہوگی، ملک میں انہونی سیاسی ملاقاتیں ہورہی ہیں یہ پاکستان اور اس کے عوام کی خدمت نہیں ہورہی ہے بلکہ اینٹی نواز کام ہورہا ہے اور حکومت کو پٹری سے اتارنے کی کوشش ہورہی ہے۔

انھوں نے کہا کہ آج کا ووٹر بہت سمجھدار ہے وہ نعروں کی بنیاد پر نہیں کارکردگی کی بنیاد پر ووٹ دے گا اس حوالے سے ہماری حکومت کا پلڑا بھاری ہے ۔مسلم لیگ ن کی حکومت نے سی پیک منصوبہ متعارف کروایا، ملک سے لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ کیا، کراچی سمیت ملک بھر میں امن قائم کیا۔سندھ کے حالات سب کے سامنے ہیں حکومت کی خراب کارکردگی پر سپریم کورٹ نے سوموٹو کارروائی کی ہے۔

انھوں نے کہا کہ احتساب کے ہم مخالف نہیں احتساب ضرور کیا جائے لیکن انصاف ہوتا نظر آنا چاہئے صرف نواز شریف کو ہی نشانہ نہ بنایا جائے۔فیصلے ایسے ہونے چاہیں کہ کوئی ان پر شک نہ کرے اور انگلی نہ اٹھائے۔اگر ادارے حکومتی معاملات اور سیاست میں مداخلت بند کردیں تو ملک ترقی کرسکتا ہے۔ ہم قانون اور پارلیمنٹ کی بالادستی پر یقین رکھتے ہیں، پاکستان کو چلنے دیا جائے تمام ہی سیاستدانوں کو پاکستان سے محبت ہے ، ہم اپنے گھر کو تو سنبھال نہیں پارہے ہیں دوسروں کے گھروں پر پتھر مار رہے ہیں ایسا نہیں ہونا چاہئے۔

سی پیک منصوبے سے صرف نوازشریف اور ان کے خاندان کو فائدہ نہیں ہوگا بلکہ اس سے پورے ملک کو فائدہ ہوگا۔انھوں نے کہا کہ ہمیں عہدوں سے محبت نہیں ہم ملک کی خدمت کرنا چاہتے ہیں۔ عبدالستار ایدھی نہ تو صدر تھے نہ وزیر اعظم لیکن لاکھوں عوام نے ان کے جنازے کو ایسے رخصت کیا جو کسی وزیر اعظم یا صدر کو بھی نصیت نہیں ہوسکتا۔ عوام کی خدمت کرنے کے لئے عہدوں یا اختیارات کی ضرورت نہیں ہوتی اس کی بڑی مثال عبدالستار ایدھی کی سب کے سامنے ہے۔مسلم لیگ ن سندھ کے صدر بابو سرفراز جتوئی نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی حکومت نے کراچی اور حیدرآباد کو اربوں روپے کے فنڈز جاری کرنے کا اعلان کیا ہے اس کا فائدہ مسلم لیگ ن سندھ کے اراکین اسمبلی اور بلدیاتی نمائندوں کو بھی ہونا چاہئے۔