وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے تریمو بیراج جھنگ کے قریب 1263 میگا واٹ کے ایل این جی پنجاب پاور پلانٹ حویلی بہادر شاہ کا سنگ بنیاد رکھ دیا

منصوبہ کے تحت 520 ملین ڈالر کی لاگت سے پہلے 14ماہ میں 810میگا واٹ اور 26ماہ میں کل 1263میگا واٹ سستی بجلی کی پیداوار شروع ہو جائیگی

ہفتہ 9 دسمبر 2017 17:22

وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے تریمو بیراج جھنگ کے قریب 1263 میگا واٹ کے ..
جھنگ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 دسمبر2017ء) وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے تریمو بیراج جھنگ کے قریب 1263 میگا واٹ کے ایل این جی پنجاب پاور پلانٹ حویلی بہادر شاہ کا سنگ بنیاد رکھ دیا ہے ،ْمنصوبہ کے تحت 520 ملین ڈالر کی لاگت سے پہلے 14ماہ میں 810میگا واٹ اور 26ماہ میں کل 1263میگا واٹ سستی بجلی کی پیداوار شروع ہو جائیگی ۔ ہفتہ کو کمبائن سائیکل مائع قدرتی گیس پنجاب پاور پلانٹ کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب کے موقع پر وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف ، وفاقی وزیر توانائی سردار ا ویس احمد خان لغاری ، وزیر مملکت برائے توانائی چوہدری عابد شیر علی ، جھنگ کے علاوہ فیصل آباد ڈویژن کے مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے ممبران قومی و صوبائی اسمبلی ، فیصل آباد کی ڈویژنل اور جھنگ کی ضلعی انتظامیہ کے افسران ، چیئر مینز ضلع کونسلز ، میونسپل کمیٹیز کے چیئر مینز ، منتخب بلدیاتی نمائندگان اور سول سوسائٹی کے مختلف مکاتب فکر کے اہم افراد بھی بڑی تعداد میں موجود تھے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر وفاقی وزارت توانائی اور منصوبہ پر کام شروع کرنے والی کمپنی کے نمائندگان نے بریفنگ کے دوران بتایا کہ پنجاب پاور پلانٹ کا 1263میگا واٹ کا منصوبہ نہ صرف انتہائی قلیل مدت میں مکمل ہو گا بلکہ حکومت پنجاب کے تعاون سے ایل این جی پاور پلانٹ کی پیداواری صلاحیت بھی 1242میگا واٹ سے زیادہ ہو گی۔انہوںنے بتایا کہ پنجاب پاور پلانٹ جھنگ کی پیداواری کارکردگی 61فیصد سے زائد اور اس کی فی یونٹ ای پی سی لاگت 418یو ایس ڈی پر کلو واٹ آور ہو گی ۔

انہوںنے بتایاکہ تریمو بیراج جھنگ کے قریب جس مقام پر مذکورہ پنجاب پاور پلانٹ لگایا جا رہا ہے وہ جگہ اس منصوبہ کیلئے انتہا ئی موزوں ہے۔انہوںنے بتایا کہ قبل ازیں فائونڈیشن ڈھرکی ، بلمور بھکی ، اوچ II ،گدو ، حویلی بہادر شاہ جھنگ ، بلو کی ، بھکی کے مقامات پر جو پاور پلانٹس لگائے گئے ہیں ان میں پنجاب پاور پلانٹ کا اضافہ ملکی معیشت و اقتصادیات میں سنگ میل ثابت ہو گا۔

انہوںنے بتایا کہ وفاق کے ساتھ ساتھ پنجاب حکومت توانائی کا بحران ختم کرنے کیلئے انتہائی سنجیدہ ہے اور پاکستان سے لوڈ شیڈنگ کے خاتمے کی بدولت روشن پاکستان کے خواب کو ایک روشن حقیقت میں تبدیل کر دیا گیا ہے۔انہوںنے بتایاکہ بجلی کی طلب کو پورا کرنے اور نیشنل گرڈ کے ذریعے اس کی موزوں ڈسٹری بیوشن کو مد نظر رکھتے ہوئے ملک بھر میں کروڑوں گھریلو صارفین ، کاروباری مراکز ، صنعتی و زرعی سیکٹر کو بجلی کی بلا تعطل فراہمی کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں اور توانائی کے منصوبوں میں انتہائی شفافیت کے ساتھ اربوں روپے کی بچت بھی کی گئی ہے۔

انہوںنے بتایا کہ اللہ کے فضل و کرم اور حکومتی کوششوں سے اس وقت ملک بھر سے لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ کر دیا گیا ہے اور ایک کروڑ 49لاکھ سے زائد صارفین کو بجلی کی بلا تعطل فراہمی جاری ہے۔انہوںنے بتایا کہ جہاں بجلی چوری کی جائے گی وہاں مجبوراً لوڈ مینجمنٹ کا سہارا لینا پڑ سکتا ہے۔انہوںنے کہا کہ عوام کو چاہیے کہ وہ بجلی چوری اور لائن لاسز کے خاتمہ کیلئے پاور ڈسٹری بیوشن کمپنیوں سے تعاون یقینی بنائیں ۔