چین اور کینیڈا نے آزادانہ تجارتی معاہدے پر دستخط کرنے پر آمادگی کا اظہار کیا ہے

کینیڈا کے وزیر اعظم کے حالیہ دورے کے دوران باہمی دلچسپی کے متعدد امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ، ترجمان وزارت خارجہ

ہفتہ 9 دسمبر 2017 15:02

بیجنگ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 09 دسمبر2017ء) چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ چین اور کینیڈا دونوں نے کینیڈا کے وزیر اعظم جسٹن ٹوڈو کے حالیہ دورہ کے دوران آزادانہ تجارتی معاہدے (ایف ٹی اے ) کے بارے میں مذاکرات کرنے اور دستخط کرنے پر آمادگی کا اظہارکیا ہے ۔ترجمان گینگ شوانگ نے پریس بریفنگ کے دوران بتایا کہ چین اور کینیڈا نے ٹوڈو کے دورہ کے دوران ایف ٹی اے کے بارے میں تفصیلی مذاکرات کئے ہیں ، انہوں نے اقتصادی عالمگیریت کے فروغ ، تجارت اور سرمایہ کاری کو آزاد بنانے اور سہولت فراہم کرنے کے تحفظ آزادانہ تجارتی علاقے کی تعمیر کے فروغ کیلئے مل جل کر کام کرنے اور متعلقہ مذاکرات کے جلد آغاز کیلئے ماحول پیدا کرنے سے بھی اتفاق کیا ہے ، کینیڈا کے وزیر اعظم نے تین دسمبر سے سات دسمبر تک چین کا سرکاری دورہ کیا اور ترجمان کے مطابق انہوں نے چینی رہنمائوں کے ساتھ باہمی دلچسپی کے امور کے بارے میں تبادلہ خیال کیا ۔

(جاری ہے)

ترجمان نے کہا کہ طرفین تجارت ، سرمایہ کاری ، صاف ٹیکنالوجی اور ایروسپیس میں عملی تعاون کو فروغ دینے کے علاوہ سیاحت ، تعلیم اور ثقافت میں عوامی تبادلوں کو بھی فروغ دینے سے بھی اتفاق کیا ہے ، اس کے علاوہ انہوں نے بین الاقوامی اور علاقائی امور میں رابطے میں اضافہ کرنے اور ماحول کی تبدیلی سے نمٹنے کیلئے مل جل کر کام کرنے سے بھی اتفاق کیا ہے ۔ترجمان نے کہا کہ چین دوطرفہ سٹرٹیجک پارٹنرشپ کو مزید فروغ دینے کیلئے باہمی احترام ، مساوی سلوک اور باہمی فوائد کی بنیاد پر دونوں ممالک کے رہنمائوں کے درمیان طے پانے والے اتفاق رائے پر عملدرآمد کیلئے کینیڈا کے ساتھ مل کر کام کرنے پر تیار ہے ۔

متعلقہ عنوان :