معمولی مفادات کے لئے بچوں کی ذہنی نشو و نما سے کھلواڑ نہ کیا جائے ‘ سید علی گیلانی

ہماری نوجوان نسل کو منشیات کا عادی بنا کر بے حس اور بے جان بنایا جا رہا ہے ‘ بیان

ہفتہ 9 دسمبر 2017 14:21

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 09 دسمبر2017ء) کل جماعتی حریت کانفرنس’’گ‘‘ گروپ کے چیئرمین سید علی گیلانی نے ریاست جموں و کشمیر میں بالعموم اور ضلع کپواڑہ اور بارہمولہ میں بالخصوص بھارتی فوج کی طرف سے سکولوں کا جال پھیلا کر کشمیری بچوں کی جبری قبضے کے حق میں ذہن سازی کرنے کو ایک منصوبہ بند سازش قرار دیا ہے اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ان سکولوں میں زیر تعلیم بچے غیر محسوس طریقے پر اپنی دینی اور تہذہبی اقدار سے بھی غیر مانوس بنائے جا رہے ہیں جبکہ فوج کے اہتمام سے کھیل کود اور بھارت درشن ٹیور کے نام پر بھی ہماری نوجوان نسل کے ذہنوں کو آلودہ کرنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں جو ہمارے لئے لمحہ فکریہ ہے اور ہمیں اس کا سدباب بھی سوچنا ہو گا انہوں نے قوم سے درد مندانہ اپیل کی وہ معمولی فوائد کے لئے اپنے بچوں کے مستقبل اور ذہنی نشوو نما کے ساتھ کھلواڑ نہ کریں اور انہیں کسی بھی صورت میں ان سکولوں وار اداروں میں داخل نہ کرائیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہماری نوجوان نسل کو منشیات کا عادی بنا کر بے حس اور بے جان بنایا جا رہا ہے ۔ انہوں نے والدین سے اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں کی نگرانی کر کے ان کی زندگیوں کے تحفظ کو یقینی بنائیں تاکہ آگے چل کر یہ ان کی زندگیوں کے لئے وبال جان نہ بن جائیں ۔