ہیلتھ کنونشن کی تقریبات، مختلف تعلیمی اداروں کے طالب علموں کے مابین روڈ سیفٹی اور سموگ کے اثرات اوراس سے بچائو کے عنوانات پر تقاریری مقابلہ کا انعقاد

جمعہ 8 دسمبر 2017 23:12

فیصل آباد۔8 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 دسمبر2017ء)حکومت پنجاب کی ہدایات پر ہیلتھ کنونشن کی تقریبات کے سلسلے میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی کے زیراہتمام مختلف تعلیمی اداروں کے طالب علموں کے مابین روڈ سیفٹی اور سموگ کے اثرات اوراس سے بچائو کے عنوانات پر تقاریری مقابلہ ڈویژنل ماڈل کالج کے شہزاد ہال میں منعقدہوا۔رکن صوبائی اسمبلی ڈاکٹرنجمہ افضل اس موقع پر مہمان خصوصی تھیں جبکہ ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر آصف شہزاد،پرنسپل ڈی ایم سی ظہیر جان،ڈاکٹر بلال احمداوردیگر افسران کے علاوہ ڈویژنل پبلک سکول،ڈویژنل ماڈل کالج اور ساندل کالج کے اساتذہ اور طالب علم بھی موجود تھے۔

مقابلہ میں ڈویژنل پبلک سکول کی طالبہ عمامہ نے پہلی پوزیشن حاصل کرکے 15ہزارروپے کا نقد انعام جیتا جبکہ ڈی پی ایس کی سعیدہ نے دوسری اور ڈی ایم سی کے محمد احمد تیسرے نمبر پر رہے جنہیں باالترتیب 10اور5ہزارروپے کے انعامات دئیے گئے۔

(جاری ہے)

ایم پی اے ڈاکٹرنجمہ افضل نے ہیلتھ کنونشن کے سلسلے میں طالب علموں کے مابین تقریری مقابلہ کے انعقاد کو سراہتے ہوئے بچوں کی بہترین پروفارمنس پر ان کی حوصلہ افزائی کی اور کہا کہ ایسے مقابلوں کی بدولت طالب علموں کواپنی صلاحیتیں اجاگرکرنے کے مواقع ملتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب نے صحت کے شعبہ میں انقلابی اقدامات کئے ہیں جس کی بدولت مریضوں کو علاج معالجہ کی جدید اور وسیع سہولیات ان کی دہلیز پر میسر ہیں۔ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر نے بتایا کہ تعلیمی اداروں کے طالب علموں کے مابین روڈ سیفٹی اور سموگ کے بچائو کے موضوعات پر تقریری مقابلے بھی ہیلتھ کنونشن کی 10روزہ تقریبات کا حصہ ہیں۔